پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس آفیسر محسن خالد نے سی ایس ایس امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی

بدھ 6 مئی 2026 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس آفیسر محسن خالد نے سنٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحان میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ترجمان پولیس کے مطابق محسن خالد نے سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم سے بدھ کوملاقات کی، جہاں آئی جی پنجاب نے ان کی کامیابی پر حوصلہ افزائی کی اور ان کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق محسن خالد بینائی کے پیدائشی مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ان کا انتخاب پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز میں ہوا ہے۔محسن خالد اس وقت سپیشل برانچ پنجاب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہوں نے 2025 میں بطور انٹیلی جنس آفیسر محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ محسن خالد نے سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرکے محکمہ پولیس کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے بینائی کے مسائل کے باوجود غیر معمولی کارکردگی پر محسن خالد کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے والدین کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنے بیٹے کی بہترین تعلیم و تربیت کو یقینی بنایا۔آئی جی پنجاب نے محسن خالد کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے آئیڈیاز کے ساتھ شہریوں کی خدمت کریں اور لگن سے ٹریننگ مکمل کریں۔