تحصیل گوجر خان سے نکلنے والے وسائل گیس اور پٹرولیم پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے،راجہ پرویز اشرف

جمعرات 7 مئی 2026 21:12

تحصیل گوجر خان سے نکلنے والے وسائل گیس اور پٹرولیم پر سب سے پہلا حق ..
گوجر خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تحصیل گوجر خان سے نکلنے والے گیس اور پٹرولیم وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے عوام کا ہے،اور متعلقہ کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں،علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیں اور عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کریں،سڑکوں کی تعمیر،معیاری تعلیمی اداروں کا قیام،صحت، بجلی، گیس اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے مقامی آبادی کا بنیادی حق ہیں،جبکہ قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیاں علاقے کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک تقریب کے موقع پر این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ عوام کی بلا تفریق خدمت ہمیشہ ان کی سیاست کا محور رہی ہے اور وہ اپنی سیاسی زندگی میں عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تحصیل گوجر خان میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے جن میں بجلی،گیس،سڑکوں،کالجز،سکولز اور یونیورسٹی سمیت متعدد میگا پراجیکٹس شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف عوام کو جدید سہولیات فراہم کرنا تھا بلکہ نوجوان نسل کے لیے تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا بھی تھا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوجر خان کی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کا سفر آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔