مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان ریاست جموں و کشمیر کا ایک اہم حصہ ہیں،طاہر کھوکھر

جمعہ 8 مئی 2026 15:09

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) رہنماتحریک انصاف وسابق وزیر ٹرانسپورٹ و سیاحت محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ مہاجرین کشمیر مقیم پاکستان ریاست جموں و کشمیر کا ایک اہم حصہ ہیں اور ان کے حقوق شناخت اور ووٹ کے حق پر کسی قسم کا شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مہاجرین کشمیر اور متاثرین منگلا ڈیم کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین اور بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام نے تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے لیے بے مثال اور لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا لاکھوں کشمیری خاندانوں نے اپنے گھربارزمینیں جائیدادیں اور حتیٰ کہ اپنے بزرگوں کی قبروں تک کی قربانی دی اور اپنی جانوں کو قربان کیا مگر پاکستان اور کشمیر کے ساتھ اپنی وابستگی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا آج انہی قربانیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مہاجرین کشمیر کی شناخت پر سوالات اٹھانا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول عمل ہے۔

(جاری ہے)

محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ مہاجرین کشمیر اور متاثرین منگلا ڈیم نے صرف تحریک آزادی کشمیر کے لیے ہی قربانیاں نہیں دیں بلکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے بہتر مستقبل کے لیے بھی اپنا سب کچھ قربان کیا۔ انہوں نے کہا کہ منگلا ڈیم کی تعمیر کے دوران ہزاروں خاندان متاثر ہوئے اپنی زمینوں اور آبائی علاقوں سے محروم ہوئے مگر قومی مفاد میں یہ قربانیاں دیں آج اگر انہی لوگوں کے بنیادی حقوق اور ووٹ کے حق کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو یہ کھلی ناانصافی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چند نااہل نالائق اور غیر ذمہ دار عناصر غیر کشمیریوںکی غلطیوں کی سزا پوری مہاجر قوم اور متاثرین منگلا ڈیم کو نہیں دی جا سکتی یہ ایک نہایت حساس مسئلہ ہے اور حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے کو مزید الجھانے کے بجائے دانشمندی اور سنجیدگی سے حل کرے انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری مہاجرین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کی شناخت ختم کرنے کی کسی سازش کو کامیاب ہونے دیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ جعلی سٹیٹ سبجیکٹ اور جعلی باشندہ ریاست بنوانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اصل مسئلہ جعلی باشندہ ریاست کا اجرا ہے ان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو جعلی کشمیری کو باشندہ ریاست بناکر دیتے ہیں ایسے افراد کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ریاستی قوانین کے ساتھ کھلواڑ نہ کر سکے۔

محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ مہاجرین کشمیر اور متاثرین منگلا ڈیم کے حقوق شناخت اور ووٹ کے حق کو چھیننے والے دراصل شہداء کشمیر اور مہاجرین کی قربانیوں کے مجرم ہوں گے اصل بیماری کا علاج کیا جائے اور جعلی باشندہ ریاست کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے جبکہ ان کے اجرا میں ملوث عناصر کے خلاف سخت احتساب کیا جائے کشمیری مہاجرین اور متاثرین منگلا ڈیم اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے یہ لاکھوں زندگیوں کا مسلہ ہے عام ایشو نہیں ہے ۔