او آئی سی کامسٹیک ایکسپرٹ سروس پروگرام کے تحت ترک ماہر کی سینٹر آف ایکسی لینس برائے مالیکیولر بائیولوجی آمد

جمعہ 8 مئی 2026 19:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) کامسٹیک کے ایکسپرٹ سروس پروگرام کے تحت ترکیہ کی یدی تپے یونیورسٹی کے شعبہ جینیٹکس و بایو انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فکریتین شاہین نے پنجاب یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسی لینس برائے مالیکیولر بائیولوجی (CEMB) کا دورہ کیا۔یہ دورہ او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تحقیقی تعاون کے فروغ اور ادارہ جاتی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیا گیا۔

پروگرام کا مقصد مشترکہ تحقیق، علم کے تبادلے اور جدید بایوٹیکنالوجی میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر فکریتین شاہین نے سینٹر آف ایکسی لینس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معاز رحمان سے ملاقات کی، جس میں طویل المدتی بین الاقوامی تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور بایوٹیکنالوجی کی اختراعات کو تجارتی بنیادوں پر آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ترک ماہر نے مرکز کی مختلف جدید لیبارٹریز کا دورہ بھی کیا، جن میں اسٹیم سیل، بایوفارماسیوٹیکل، وائرولوجی اور جینیاتی امراض سے متعلق تحقیقی شعبے شامل ہیں۔ اس موقع پر جدید تحقیقاتی رجحانات، تکنیکی مہارتوں اور عالمی تجربات کے تبادلے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ کامسٹیک حکام کے مطابق ایکسپرٹ سروس پروگرام کے ذریعے او آئی سی ممالک کے اداروں کو عالمی ماہرین کی تکنیکی مشاورت، تربیت اور تحقیقی تعاون کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔یہ پروگرام پاکستان اور ترکیہ کے سائنسی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مالیکیولر بائیولوجی اور جینیاتی انجینئرنگ کے شعبوں میں نئی تحقیقاتی راہیں کھولنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔