لاہور، آسٹریلیا چیمبرز میں تجارتی تعاون بڑھانے کا معاہدہ

دونوں اداروں کا سرمایہ کاری، ایس ایم ایز اور مشترکہ کاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 8 مئی 2026 23:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آسٹریلیا پاکستان چیمبر آف ٹریڈ، کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارتی، معاشی، تکنیکی اور کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔مفاہمتی یادداشت پر لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل اور آسٹریلیا پاکستان چیمبر کے صدر محمد آصف نے دستخط کیے۔

تقریب میں آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عرفان شوکت، قونصل جنرل قمر زمان، اعزازی مشیر برسئے انویسٹمنٹ سکندر لودھی اور اے پی سی کے فنانس سیکریٹری محمد عابد بھی شریک تھے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے سرمایہ کاری کے مواقع، ایس ایم ای تعاون، مشترکہ منصوبوں کے قیام اور کاروباری معاونت کے نظام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کاروباری تقریبات کے انعقاد، تجارتی معلومات کے تبادلے، کاروباری روابط میں اضافے اور نمائشوں و تجارتی قوانین سے متعلق معلومات کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت پاکستان اور آسٹریلیا کی کاروباری برادریوں کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھولے گی اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیمبرز آف کامرس کے درمیان مضبوط روابط کاروباری سہولیات اور نئے معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔معاہدے کے مطابق دونوں تنظیمیں مشترکہ کمیٹیوں، باقاعدہ مشاورت، براہِ راست روابط اور ایک دوسرے کے پلیٹ فارمز کے فروغ کے ذریعے کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گی۔ دونوں اداروں نے کاروباری تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی ثالثی نظام کے استعمال کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا۔