چینی وزارت خارجہ کے ڈی جی شعبہ ایشیائی امور کی چین میں پاکستانی سفیر سے ملاقات، پاک ۔چین تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 8 مئی 2026 22:51

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) چینی وزارت خارجہ کے ایشیائی امور کے شعبہ کے ڈائریکٹر جنرل لیو جن سونگ نے چین میں پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی سے ملاقات کی اور پاک۔ چین تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔جمعہ کوہونے والی ملاقات میں لیو جن سونگ نے کہا کہ رواں سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ ہے اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے حال ہی میں چین کا کامیاب دورہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چین پاکستان کے ساتھ اعلی سطحی تبادلوں کو برقرار رکھنے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھانے ، اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور نئے دور میں مزید قریبی چین پاکستان معاشرے کی تعمیر کو تیز کرنے کے لیے تیار ہے۔پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے رہنمائوں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، سٹریٹجک رابطے اور عملی تعاون کو گہرا کرنے اور پاک۔ چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔