آبنائے ہرمز میں کشیدگی پر اقوام متحدہ کا اظہارِ تشویش، تحمل سے کام لینے کی اپیل

ہفتہ 9 مئی 2026 09:22

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے آبنائے ہرمز میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے روزانہ بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیکرٹر ی جنرل حالیہ صورتحال پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریق جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے یا جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ امریکی فوج نے کارروائی کو “دفاعِ ذات” قرار دیا، جبکہ تہران نے واشنگٹن پر 8 اپریل سے نافذ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔اقوام متحدہ نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سفارتی رابطوں اور مذاکراتی عمل جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔