پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے اضافہ ظلم ہے ،فوری واپس لیا جائے‘ آل پاکستان انجمن تاجران

عوام کی قوت خرید میں کمی کے باعث کاروبار کے حالات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں‘ مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی

ہفتہ 9 مئی 2026 16:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہر ہفتے قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے ، حکومت ٹیکسز کے ذریعے وصول کئے جانے والے اپنے منافع میں کمی کرے اور قیمتوں کو فی الفور واپس لیا جائے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بجلی و گیس کے بھاری بلوں اوربڑھتے ٹیکسز کے باعث عوام کی قوت خرید پہلے ہی جواب دے چکی ہے جبکہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔

ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھنے سے اشیائے خوردونوش سمیت روزمرہ استعمال کی تمام چیزیں مزید مہنگی ہو رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھنے سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور مارکیٹ میں خرید و فروخت کا عمل سست پڑتا جا رہا ہے۔ عوام کی قوت خرید میں کمی کے باعث کاروبار کے حالات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں۔