خوبصورت مہاجر پرندے قدرت کا انمول و بے مثال عطیہ ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب

ہفتہ 9 مئی 2026 20:54

خوبصورت مہاجر پرندے قدرت کا انمول و بے مثال عطیہ ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہاجرپرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہےکہ خوبصورت اور دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول اور بے مثال عطیہ ہیں، دور دیسوں سے آنے والے مہاجر پرندے فطرت کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں، مہاجر پرندے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ مہاجر پرندے زمین کی زرخیزی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، ان کی حفاظت کے لئے قدرتی ماحول کا تحفظ ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر پرندوں سمیت قدرتی حیاتیاتی اثاثوں کی حفاظت کے لئے پنجاب میں وائلڈ لائف فورس سرگرم عمل اور پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت مہاجر پرندوں کے محفوظ مسکن اور جنگلات کی بقا کے لیے کاوش کررہی ہے،جنگلی حیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ماحول دوست اور دیرپا اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں راج ہنس، ابابیل، فلیمنگو سمیت ہزاروں دیگر مہاجر پرندوں کی پاکستان واپسی ممکن ہوئی،محکمہ وائلڈ لائف کی خصوصی مہم کے دوران کونج،باز، تلور،ہنس اورآبی مرغابیوں سمیت ساڑھے 34ہزار سے زائد پرندے بازیاب کرائے گئے اور غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ ذمہ دار شہری بن کر مہاجرپرندوں اور دیگر حیات کی بقاکے لیے سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے، پرندے فطرت کا حسین ورثہ اور ان کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔