بجٹ سازی عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کاسنجیدگی سے جائزہ لیا جائے، پیاف کا حکومت سے مطالبہ

ہفتہ 9 مئی 2026 23:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بجٹ سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کاسنجیدگی سے جائزہ لے اور انہیں بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا جائے،موجودہ معاشی حالات میں ایسا بجٹ پیش کیا جانا چاہیے جو معیشت سے جڑے شعبوں کیلئے ترقی کا ٹول ثابت ہو اور اس کے ساتھ عوام کو بھی حقیقی ریلیف ملے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو آسان ، چھوٹے تاجروں کے لیے مراعات اور صنعتوں کو سستی بجلی و گیس فراہمی کے لئے خصوصی پیکج دیاجائے ، معیشت کی ترقی میں زراعت کا کلیدی کردار ہے، اس لئے کسانوں کے لیے سبسڈی اور زرعی قرضوں میں آسانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور ترقیاتی بجٹ پیش کرے گی تاکہ ملک کو بہتر سمت مل سکے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت فنانس بل منظوری کے لئے پیش کرنے سے قبل حقیقی اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کا آغاز کرے تاکہ اس پر پائے جانے والے تحفظات دور ہو سکیں ۔