معرکہ حق کی شاندار کامیابی نے پاکستان کو ناقابل تسخیر ثابت کر دیا، صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

اتوار 10 مئی 2026 19:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2026ء) صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ معرکہ حق کی تاریخی کامیابی نے ایک بار پھر دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ایک ناقابل تسخیر ریاست ہے اور اس کی بہادر افواج ہر لمحہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اتوار کو معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں افواج پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تمام مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر نہ صرف قوم بلکہ پوری کاروباری برادری کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ آج کا دن پوری قوم کیلئے فخر، عزم اور یکجہتی کا دن ہے کیونکہ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایسا جواب دیا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت میں پاک افواج نے جس حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، اس نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا نتیجہ ہمیشہ عبرتناک شکست کی صورت میں نکلے گا۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں پاکستان کی برتری کا ثبوت ہے بلکہ اس کے مثبت اثرات معاشی اور سفارتی سطح پر بھی نمایاں ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہو تو سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتا ہے، کاروباری سرگرمیاں فروغ پاتی ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص مزید مستحکم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کاروباری برادری کیلئے بھی باعث اطمینان اور فخر ہے کیونکہ اس سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا اور پاکستانی شناخت کو مزید عزت ملی۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کو ایک مضبوط، خودمختار اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔ فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد سمیت ملک بھر کی کاروباری برادری افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے ان کی قربانیوں اور خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کے دفاع کو اولین ترجیح دی اور ہر مشکل گھڑی میں قوم کے اعتماد پر پورا اتری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری کاروباری برادری دل کی گہرائیوں سے پاک افواج کی شکر گزار ہے جنہوں نے اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے نہ صرف دشمن کو شکست دی بلکہ پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ صدر چیمبر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کاروباری برادری قومی استحکام، معاشی ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کیلئے افواج پاکستان اور ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی یہ کامیابی آنے والی نسلوں کیلئے حوصلے، اتحاد اور حب الوطنی کی روشن مثال بنے گی جبکہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔