سکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، خودکش بمبار خاتون گرفتار

خود کش حملے کا ٹارگٹ اسلام آباد تھا، خاتون کو دھمکی دی گئی کہ اگر خودکش حملہ نہ کیا تو تمہارے باپ کو قتل کردیں گے، سرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 11 مئی 2026 14:31

سکیورٹی اداروں کی بڑی کارروائی، خودکش بمبار خاتون گرفتار
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2026ء)   وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا ہے، جسے دہشت گرد تنظیم نے مبینہ طور پر اسلام آباد میں حملے کے لیے تیار کیا تھا۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ یہ کارروائی انٹیلی جنس اداروں کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جس کے باعث ملک ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔

ان کے مطابق گرفتار کی گئی خاتون کو دہشت گردوں نے منظم منصوبہ بندی کے تحت استعمال کیا اور اسے خودکش حملے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد گروہ خواتین کو ٹارگٹ کر کے انہیں مختلف حربوں سے ورغلاتے ہیں اور انہیں انسانیت کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

بعض صورتوں میں انہیں دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر وہ ان کے احکامات پر عمل نہیں کریں گی تو ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنایا جائے گا۔

سرفراز بگٹی کے مطابق گرفتار خاتون نے ابتدائی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ اسے اسلام آباد میں خودکش حملے کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں بلکہ ریاستی اداروں کو بھی نقصان پہنچانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کے ان اقدامات کا بلوچ روایات، اقدار اور معاشرتی اصولوں سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کے بقول دہشت گردی کے لیے خواتین اور بچوں کا استعمال ایک انتہائی شرمناک عمل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ممکنہ حملے کو ناکام بنایا بلکہ ایک بڑے خطرے کو بھی ختم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس طرح کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ گرفتار خاتون کو اس کے والد کے حوالے کیا جائے گا تاکہ اس کے اہل خانہ کو اعتماد میں لے کر مزید قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔