وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی سے پاکستان میں انڈونیشیا کے منسٹر قونصلر کی ملاقات

پیر 11 مئی 2026 21:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے پاکستان میں انڈونیشیا کے منسٹر قونصلر رحمت ہندیارتا کسوما نے ملاقات کی۔ پیر کو ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے ڈینز اور ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر زراعت، تعلیم، تحقیق اور حلال گوشت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رحمت ہندیارتا کسوما نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے، زرعی شعبے کی بہتری کے لیے تعلیمی تعاون اور تبادلہ پروگراموں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات زرعی معیشتوں کے درمیان ایک اسٹریٹجک اتحاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے انڈونیشیا کے ممتاز اداروں خصوصاً انسٹیٹیوٹ پرتانیان بوگور یونیورسٹی کے ساتھ باضابطہ معاہدوں کے ذریعے علم و تحقیق کا مسلسل تبادلہ جاری ہے جبکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور فیکلٹی آف اکنامکس اینڈ بزنس، یونیورسٹی پی جی آر آئی سیمارانگ، انڈونیشیا کے درمیان مفاہمتی کی یادداشت کے تحت تعلیمی اور تحقیقی میدان میں بہترین کارکردگی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ممکنہ جامعات اور تعاون کے شعبوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی بی یونیورسٹی (بوگور ایگریکلچرل یونیورسٹی)، یونیورسٹی گجا مادا، یونیورسٹی براویجایا، یونیورسٹی پجادجاران، یونیورسٹی نہضۃ العلماء یوگیاکارتا، یونیورسٹی حسن الدین، یونیورسٹی سیبیلس ماریٹ اور یونیورسٹی انڈونیشیا کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔