لاہورشاپنگ فیسٹیول اور پیڈل ٹورنامنٹ معیشت اور نوجوانوں کیلئے مثبت پیغام ہے، صدر لاہور چیمبر

پیر 11 مئی 2026 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول کا آغاز 15 مئی سے ہوگا جبکہ پیڈل ٹورنامنٹ 14 مئی سے شروع کیا جائے گا۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول شہر کی کاروباری، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک بڑا اقدام ہے جس میں 160 سے زائد سٹالز قائم کیے جائیں گے۔

فیسٹیول میں ملک کے معروف برانڈز، فوڈ کورٹ، فیملیز اور بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیوں سمیت مختلف تفریحی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران رانا نثار، شعبان اختر، فردوس نثار و دیگر موجود تھے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو مقامی صنعت، کاروبار اور برانڈز کو ترقی دینے میں مددگار ثابت ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا بلکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ تفریح کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ ا نہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا ثقافتی اور کاروباری مرکز ہے اور لاہور چیمبر شہر کے مثبت اور روشن تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں جب جنگی صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور معیشت سست روی کا شکار ہیں، ایسے ایونٹس کاروبار کو سہارا دینے اور مارکیٹ میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی کوشش ہے کہ تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ عوام کو مثبت اور صحتمند ماحول بھی فراہم کیا جائے تاکہ کاروبار، تفریح اور کھیل ایک ساتھ فروغ پا سکیں۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پیڈل ٹورنامنٹ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پیڈل ایونٹ ہوگا جس میں ملک بھر سے 100 سے زائد ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کا موثر ذریعہ ہیں اور لاہور چیمبر نوجوانوں کو بے راہ روی سے نکال کر صحت مند سرگرمیوں کی طرف لانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔

فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور کو سپورٹس سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے لاہور چیمبر بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈل ٹورنامنٹ نہ صرف کھیلوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ اس سے نوجوانوں میں صحت مند مقابلے کے رجحان کو بھی فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں شائقینِ کھیل، فیملیز، نوجوانوں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھے گا جو معیشت، کاروبار، سیاحت، کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شاپنگ فیسٹیول اور پیڈل ٹورنامنٹ لاہور کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے اور شہریوں کو ایک متحرک اور پرامن ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔