وفاقی وزیر تجارت سے چمڑے کی صنعت کے نمائند ہ وفد کی ملاقات ، مسابقتی چیلنجز اور اصلاحاتی تجاویز پر تبادلہ خیال

جمعرات 14 مئی 2026 12:26

وفاقی وزیر تجارت  سے  چمڑے کی صنعت کے نمائند ہ  وفد  کی ملاقات ،    مسابقتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چمڑے کی صنعت کے نمائندوں کے وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ ملاقات میں شعبے کی برآمدی کارکردگی، مسابقتی چیلنجز، ٹیکس کے دباؤ، مارکیٹ تک رسائی کے مسائل اور اصلاحاتی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد صنعتی ترقی اور برآمدی صلاحیت کو تقویت دینا تھا۔

ملاقات کے دوران وفد کے ارکان نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط لائیوسٹاک بیس، مینوفیکچرنگ کی مہارت، اور چمڑے کے ملبوسات، دستانے، جوتے، ہینڈ بیگ اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں برآمدی صلاحیت کے باوجود، اس شعبے کو متعدد ساختی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔وفد نے وفاقی، صوبائی اور میونسپل حکام کی طرف سے متعدد معائنے، منظوریوں، سرٹیفیکیشنز اور متعدد ٹیکسوں سے پیدا ہونے والے مجموعی بوجھ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

شرکا نے کاروبار کرنے میں آسانی اور آپریشنل مسائل کو کم کرنے کے لیے ایک آسان اور ہم آہنگ فریم ورک اور ون ونڈو ٹیکسیشن چینل کی ضرورت پر زور دیا۔ صنعت کے نمائندوں نے بجٹ کی ابتدائی تجاویز بھی شیئر کیں جن میں ٹیرف ریشنلائزیشن، خام مال پر ڈیوٹی ایڈجسٹمنٹ اور ایکسپورٹ بیسڈ مینوفیکچرنگ یونٹس کے لیے ٹیکس میں ریلیف کے اقدامات شامل ہیں۔

شرکا نے کہا کہ برآمد کنندگان کو وسیع تر صنعتی ماحولیاتی نظام میں سہولت فراہم کی جانی چاہیے۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ سٹیک ہولڈرز کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کیا جائے گا اور پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بڑھانے کے لیے نہ صرف فوری سہولت کاری مہیا کی جائے گی بلکہ ٹیکسیشن، مارکیٹ تک رسائی، فنانسنگ اور صنعتی پیداوار جیسے شعبوں میں طویل مدتی ڈھانچہ جاتی اصلاحات بھی کی جائیں گی ۔

جام کمال نے عملی اصلاحات کی حمایت اور پاکستان کے برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لیے صنعت کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنے کے لیے وزارت تجارت کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں سیکٹرل رکاوٹوں کو دور کرنے اور پاکستان کی چمڑے کی صنعت کی مکمل برآمدی صلاحیت کو کھولنے کے لیے مسلسل پبلک پرائیویٹ تعاون پر مشترکہ مفاہمت بھی ہوئی۔