حساس ادارے کی مدد سے پاکستان کی سب سے بڑی کوکین میکر انمول عرف پنکی گرفتار

ملزمہ کا نیٹ ورک صرف کراچی، لاہور اور اسلام آباد تک پھیلا ہوا تھا، سپلائی کیلئے اس نے 4 مستقل رائڈرز رکھے ہوئے تھے جنہیں وہ تنخواہ اور رہائش فراہم کرتی تھی؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مئی 2026 11:09

حساس ادارے کی مدد سے پاکستان کی سب سے بڑی کوکین میکر انمول عرف پنکی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2026ء) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقہ گارڈن میں پولیس اور حساس ادارے نے ایک مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی دنیا کی ایک بڑی ملزلہ کو گرفتار کر لیا، انمول عرف پنکی نامی یہ خاتون ناصرف منشیات سپلائی کرتی تھی بلکہ پاکستان کی سب سے بڑی کوکین میکر کے طور پر اپنا پروڈکشن یونٹ بھی چلا رہی تھی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گارڈن پولیس نے وفاقی حساس ادارے کی نشان دہی پر ایک کامیاب چھاپہ مار کر انتہائی مطلوب ملزمہ انمول عرف پنکی کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمہ کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی تیار اور نیم تیار کوکین، کیمیکلز اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزمہ محض مڈل پاس ہے لیکن وہ کوکین تیار کرنے کے پیچیدہ عمل میں ماہر ہے، وہ ایک چلتی پھرتی لیب کی مالک ہے جہاں وہ مختلف کیمیلز کی مدد سے کوکین کی مقدار کو بڑھاتی اور اسے مہنگے داموں فروخت کرتی تھی۔

(جاری ہے)

تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ پنکی کی تیار کردہ کوکین عام مارکیٹ سے کئی گنا مہنگی ہے، وہ 300 گرام کوکین کو مختلف ملاوٹ کے ذریعے 1 کلو میں تبدیل کر دیتی ہے، عام کوکین 8 سے 10 ہزار روپے گرام ہے، جبکہ پنکی کی وائٹ کوک 25 ہزار اور گولڈن کوک 40 ہزار روپے فی گرام میں فروخت ہوتی تھی، اس کے قبضے سے ملنے والے ایک 'کوکین ایگ' کی قیمت 8 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمہ کا نیٹ ورک صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ لاہور اور اسلام آباد تک پھیلا ہوا تھا، صرف کراچی میں اس کے 800 سے زائد باقاعدہ گاہک موجود ہیں، سپلائی کے لیے اس نے 4 مستقل رائڈرز رکھے ہوئے تھے جنہیں وہ تنخواہ اور رہائش فراہم کرتی تھی، دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ وہ پولیس اور دیگر اداروں کے بعض ملازمین سے بھی رابطے میں تھی۔

ملزمہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ منشیات تیار کرنے کے بعد پہلے خود اس کا تجربہ کرتی تھی، اس کے علاوہ وہ سڑکوں پر لاکھوں روپے بانٹنے کی بھی عادی ہے، کبھی کبھار ایک دن میں 40 سے 50 لاکھ روپے خیرات کر دیتی تھی، پولیس نے اس کے قبضے سے 1 کلو ہاف ریڈی کوکین اور 15 گولڈن کیپ انڈے برآمد کیے، اعلیٰ کوالٹی کی ہینڈ میڈ ریڈ وائن کی بوتلیں قبضے میں لیں، ایک پستول اور متعدد راؤنڈز بھی برآمد کیے، ملزمہ سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔