Live Updates

پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کی امریکی میڈیا کی خبر گمراہ کن ہے، دفتر خارجہ

ان طیاروں کا کسی فوجی ہنگامی صورتحال یا خفیہ حفاظتی انتظام سے کوئی تعلق نہیں، ایسے تمام دعوے حقائق کے منافی ہیں؛ ترجمان

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مئی 2026 11:23

پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کی امریکی میڈیا کی خبر گمراہ کن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2026ء) پاکستان کے دفتر خارجہ نے امریکی خبر رساں ادارے 'سی بی ایس نیوز' کی اس رپورٹ کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں نور خان ایئربیس پر ایرانی طیاروں کی موجودگی کو سنسنی خیز رنگ دے کر پیش کیا گیا تھا۔ وزارتِ خارجہ سے جاری ایک بیان میں غیر ملکی میڈیا کی ان رپورٹس کو بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی قرار دیا گیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کسی غیر معمولی فوجی صورتحال کا حصہ ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی کوششوں اور اسلام آباد مذاکرات کے تناظر میں دونوں ممالک کے طیارے پاکستان آئے تھے، یہ طیارے سفارتی عملے، سکیورٹی ٹیموں اور انتظامی سٹاف کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض طیارے اور معاون عملہ مستقبل کے ممکنہ مذاکراتی ادوار کی تیاری کے سلسلے میں عارضی طور پر پاکستان میں رکا ہوا تھا، اگرچہ باضابطہ مذاکرات کا دوسرا دور ابھی شروع ہونا ہے، تاہم اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار ہیں، حالیہ دوروں کو انہی انتظامی سہولیات کے تحت ممکن بنایا گیا جو جنگ بندی کے دوران طے کی گئی تھیں، ان طیاروں کا کسی فوجی ہنگامی صورتحال یا خفیہ حفاظتی انتظام سے کوئی تعلق نہیں ہے، اور ایسے تمام دعوے حقائق کے منافی ہیں۔

پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اس مؤقف کو دہرایا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک غیر جانبدار اور ذمہ دار سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ مکالمے اور کشیدگی میں کمی کی حمایت کی ہے، لاجسٹک تعاون فراہم کرتے ہوئے تمام متعلقہ عالمی فریقوں کو اعتماد میں لیا گیا اور مکمل شفافیت برقرار رکھی گئی، اس طرح کی گمراہ کن رپورٹس کا مقصد خطے میں امن کے لیے کی جانے والی مخلصانہ کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے، پاکستان عالمی اور علاقائی سلامتی کے لیے بامعنی مذاکرات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات