سپیکر قومی اسمبلی کی لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دہشت گرد حملے کی مذمت

منگل 12 مئی 2026 16:11

سپیکر قومی اسمبلی  کی لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دہشت گرد حملے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2026ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لکی مروت میں پولیس موبائل کے قریب دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں، دہشت گرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم سازش کر رہے ہیں۔

معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز فعل ہے، قوم سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، پولیس فورس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور سوگوار خاندانوں کےلئے صبر جمیل کی دعا کی۔