میں شکریہ ادا کروں گا انمول پنکی کا کہ وہ عدالت سے بھاگی نہیں، وزیرداخلہ سندھ

عدالت پیشی کے دوران جو ایکٹ ہوا اس پر حیرت ہے، نہ یہ خاطرخواہ پولیس کی کسٹڈی میں تھی، میں تو سمجھتا ہوں کہ خاتون کی مہربانی ہے کہ وہ بھاگی نہیں ہے؛ ضیاء الحسن لنجار کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 مئی 2026 11:57

میں شکریہ ادا کروں گا انمول پنکی کا کہ وہ عدالت سے بھاگی نہیں، وزیرداخلہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ کوکین ڈیلر انمول پنکی کی عدالت میں پیشی کے دوران جو ایکٹ ہوا اس پر حیرت ہے، میں تو سمجھتا ہوں کہ خاتون کی مہربانی ہے کہ وہ بھاگی نہیں کیوں کہ نہ یہ خاطرخواہ پولیس کی کسٹڈی میں تھی، اس پر میں تو شکریہ ادا کروں گا پنکی کا کہ وہ عدالت سے بھاگی نہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انمول پنکی کیس میں پولیس کا طرز عمل دیکھ کر افسوس اور مایوسی ہوئی، بطور وزیرداخلہ سندھ بہت شرمندگی محسوس ہورہی ہے کہ کیا اس طرح نظام چلے گا، اس معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دے رہے ہیں، جس میں میں ایڈیشنل آئی جی، انٹیلی جنس کا نمائندہ اور بیورو کریٹ شامل ہوگا، دیکھیں گے ریمانڈ کے لیے پولیس کا چالان کتنا مضبوط تھا، ملزمہ پنکی کے خلاف تمام مقدمات میں ریمانڈ لیا جائے گا، خاتون مجسٹریٹ کیخلاف بھی درخواست دینگے کہ ہائی فائی کیس میں 24گھنٹے کا بھی ریمانڈ نہیں دیا، ریمانڈ نہ دینا بھی سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے ٹیسٹ کیس ہے، جو بھی ذمہ دار ہے اس کیخلاف کارروائی اور گرفتاری ہوگی، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ملزمہ باہر نہ نکلے، انمول پنکی کوکین میکر اور چلتی پھرتی منشیات کی فیکٹری ہے، صرف ایک پنکی نہیں بلکہ اوربھی اوربہت سے گینگ ہیں، ملزمہ انمول پنکی کی گرفتاری میں انٹیلی جنس اور پولیس کی محنت ہے، صرف یہ ہی نہیں بلکہ اور بھی اور بہت سے گینگ ہیں، زیادہ تر منشیات کے گینگ کا گڑھ کراچی ہے کیونکہ یہاں چھپنا آسان ہے۔