کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو ایک ہفتہ قبل لاہور سے گرفتار کیے جانے کا انکشاف

ملزمہ نے لاہور میں کرائے کا گھر لے رکھا تھا جسے وہ لیبارٹری کے طور پر استعمال کرتی تھی، گرفتاری کے وقت وہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی منشیات برآمد ہوئی، ملزمہ کو ڈیوائس لوکیٹر سے ٹریس کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 مئی 2026 10:44

کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو ایک ہفتہ قبل لاہور سے گرفتار کیے جانے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) پاکستان کی سب سے بڑی کوکین ڈیلر اور 'کوکین کوئین' کے نام سے مشہور انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے حوالے سے سنسنی خیز تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک ہفتہ قبل نواب ٹاؤن لاہور سے گرفتار ہونے والی خاتون منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کی گرفتاری کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی وفاقی حساس ادارے نے انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دی، ملزمہ کو کسی روایتی مخبری کے بجائے 'ڈیوائس لوکیٹر' کی مدد سے ٹریس کیا گیا، جس کے بعد حساس ادارے نے اسے نواب ٹاؤن میں واقع اس کے گھر سے حراست میں لیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمہ نے لاہور میں ایک کرائے کا گھر لے رکھا تھا جسے وہ لیبارٹری کے طور پر استعمال کرتی تھی، گرفتاری کے وقت وہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی منشیات برآمد ہوئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ انمول پنکی نے پنجاب پولیس کے ایک سابق انسپکٹر سے دوسری شادی کر رکھی تھی، جس کی وجہ سے اسے سسٹم کے اندر سے تحفظ اور معلومات حاصل ہونے کا شبہ ہے۔

(جاری ہے)

                               
معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ ملزمہ لاہور میں رہ کر منشیات تیار کرتی تھی، لیکن اس کا اصل مارکیٹ زون کراچی تھا، ملزمہ کا پورا نیٹ ورک کراچی میں سرگرم تھا، اس کالے دھندے میں پولیس اہلکار، خواتین اور بین الصوبائی مسافر کوچز کے ڈرائیورز بطور سہولت کار شامل تھے، مسافر کوچز کے ذریعے لاہور سے کراچی منشیات اسمگل کی جاتی تھیں، جہاں سے اسے پوش علاقوں کے بڑے گاہکوں تک پہنچایا جاتا تھا۔