پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کے مزید 1 ارب 30 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے

یہ رقم 15 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے سرکاری اعداد و شمار میں شامل کر لی جائے گی؛ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 13 مئی 2026 10:56

پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کے مزید 1 ارب 30 کروڑ ڈالر موصول ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی مزید رقم پاکستان کو منتقل کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ آئی ایم ایف کے دو مختلف پروگرامز کے تحت مجموعی طور پر 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول ہو گئی ہے، یہ فنڈز ایک ایسے وقت میں ملے ہیں جب ملکی معیشت کو بیرونی ادائیگیوں کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی اشد ضرورت تھی۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ رقم دو حصوں پر مشتمل ہے جن میں ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی پروگرام کے تحت طے شدہ قسط موصول ہوئی ہے جب کہ ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی پروگرام کے تحت دوسری قسط کی مد میں 154 ملین اسپیشل ڈرائنگ رائٹس موصول ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ یہ رقم 15 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے سرکاری اعداد و شمار میں شامل کر لی جائے گی، اس آمد کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، روپے کی قدر میں استحکام اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے 8 مئی کو پاکستان کے لیے اس قرض پروگرام کی باقاعدہ منظوری دی تھی، جس کے ٹھیک ایک ہفتے بعد رقم اسٹیٹ بینک کو منتقل کر دی گئی، معاشی ماہرین اس پیشرفت کو انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس سے نا صرف ملکی ذخائر کو سہارا ملے گا بلکہ عالمی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد بھی بڑھے گا۔