انمول پنکی کے بعد کراچی میں ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون کی گرفتاری

شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں پولیس کی کاروائی کے دوران منشیات فروش خاتون سے 35 کلو چرس برآمد

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مئی 2026 19:15

انمول پنکی کے بعد کراچی میں ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2026ء) کراچی میں ایک اور منشیات فروش خاتون گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق انمول پنکی کے بعد کراچی میں ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں پولیس کی کاروائی کے دوران منشیات فروش خاتون نرگس عرف ملکہ کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری کے وقت ملزمہ کے قبضے سے 35 کلو چرس اور 1 لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد ہوئی۔

دوسری جانب کوکین کوئین انمول عرف پنکی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیموں کی مستعدی کے بعد عدالت نے ملزمہ کو ریلیف دینے کے بجائے پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ اطلاعات کے مطابق بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کو سخت سکیورٹی میں کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی استدعا پر ملزمہ کا 4 مقدمات میں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا، ملزمہ کو صرف منشیات فروشی ہی نہیں بلکہ کئی سنگین الزامات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس ریمانڈ کے دوران تھانہ بغدادی میں درج قتل کے ایک ہائی پروفائل کیس میں ملزمہ سے تفتیش کی جائے گی، کوکین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور سپلائی کے مقدمات میں تفتیش ہوگی، گرفتاری کے وقت برآمد ہونے والے مبینہ اسلحے سے متعلق کیسز بھی شامل ہیں، مجموعی طور پر ملزمہ کے خلاف 4 مختلف مقدمات ہیں جن میں انمول پنکی کا ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ عدالت کی جانب سے جسمانی ریمانڈ ملنے کے بعد اب انوسٹی گیشن ٹیمیں ان امور پر تفتیش میں توجہ دیں گی کہ قتل کے کیس میں کیا قتل منشیات کے کاروبار میں رکاوٹ بننے کی وجہ سے کیا گیا؟ کراچی اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں موجود دیگر سہولت کاروں اور پولیس کے اندر موجود ’کالی بھیڑوں‘ کا سراغ لگانے کوشش کی جائے گی، ریمانڈ کے دوران منشیات کے کاروبار سے بنائے گئے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی بھی چھان بین ہوگی۔