ٹائون کارپوریشن کی حدود اور اس میں یونین کونسلز کی تعداد بارے نوٹیفکیشن متعلقہ اداروں سے منظوری لے کر فوری جاری کیا جائے، الیکشن کمیشن

بدھ 13 مئی 2026 19:31

ٹائون کارپوریشن کی حدود اور اس میں یونین کونسلز کی تعداد بارے  نوٹیفکیشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2026ء) الیکشن کمیشن نے سیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلا م آباد کو ہدایت کی ہے کہ ٹائون کارپوریشن کی حدود اور اس میں یونین کونسلز کی تعداد کے حوالے سے نوٹیفکیشن متعلقہ اداروں سے منظوری لے کر فوری جاری کیا جائے ۔ بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سیکرٹری وزارت داخلہ ، چیف کمشنر اسلام آباد ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

یہ اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے طلب کیا گیا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا ، سندھ اور بلوچستان میں مقامی حکومتیں موجود ہیں جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی کوششوں کے باوجود بلدیاتی قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا جبکہ آئین کے آرٹیکل 140(A) کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمیشن کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی میعاد 14فروری 2021 کو ختم ہوئی اورتاحال الیکشن منعقد نہیں ہوسکے۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے 10 جنوری 2026 کوآرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 میں ترامیم کیں اور ان ترامیم کے تحت الیکشن کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو ٹائون کارپوریشنز کی حدود کا نوٹیفکیشن ، ہرٹائون کارپوریشن میں یونین کونسلوں کی تعداد کا نوٹیفکیشن ، ٹائون کارپوریشنز کی حدود کے مطابق نقشہ جات ، آرڈیننس کے مطابق رولز اورالیکشن کمیشن کی طرف سے آرڈیننس میں تجویزکردہ ترامیم درکار ہیں۔

متعدد بارمتعلقہ اداروں کی طرف سےیہ یقین دہانی کرائی گئی کہ الیکشن کمیشن کو درکارنوٹیفکیشنز اور نقشہ جات ودیگر ڈیٹامہیا کردیا جائےگا لیکن تاحال ایسا نہیں کیا گیا۔سیکرٹری وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ٹائون کارپوریشنز کی حدود اور ہر ٹائون میں یونین کونسلوں کی تعداد کا مجوزہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا کیس وزارت داخلہ کو بھجوا دیا گیا ہے جوکہ متعلقہ قائمہ کمیٹی میں بھیجا جائےگا جس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔

الیکشن کمیشن نےسیکرٹری وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آبادکو ہدایت کی کہ متعلقہ سٹینڈ نگ کمیٹی اور وفاقی کابینہ سے فوری طور پر رجوع کرکے مذکورہ بالا نوٹیفکیشنز کے اجرا کو یقینی بنایا جائے ۔ مزید یہ کہ فوری طور پر الیکشن کمیشن کو درکار ڈیٹا ، نوٹیفکیشن ، نقشہ جات ، قانون ورولز میں ترامیم مہیا کی جائیں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کا شیڈول جاری کرسکے اور وفاقی دارالحکومت میں الیکشن کا انعقاد ممکن ہوسکے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس میٹنگ میں اعلیٰ افسران کی نمائندگی ہے لہذا الیکشن کمیشن توقع کرتا ہے کہ مذکورہ بالا معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لئے جائیں گے۔