پہلگام واقعہ کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، ”شائننگ انڈیا“ کا بیانیہ عالمی تنہائی میں تبدیل ہوگیا، عطاء اللہ تارڑ
بدھ 13 مئی 2026 19:31
(جاری ہے)
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں انڈیا سٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام ‘‘Marka-e-Haq:Victory in the Battlefield and Beyond’’ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایمبیسڈر خالد محمود، سابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی، سابق وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب، معروف سٹریٹجک تجزیہ کار احمد حسن العربی سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی، پاکستان ہمیشہ امن پر یقین رکھتا ہے اور امن کا علمبردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست ہے، ہم دہشت گردوں اور دنیا کے درمیان ایک دیوار اور ڈھال بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے بیانیہ اور سٹریٹجی میں بعض تضادات اور عدم مطابقت پائی جاتی ہے۔ بھارت ہمیشہ بیرونی مسائل کو داخلی اور داخلی مسائل کو بیرونی رنگ دیتا رہا ہے، دہشت گردی بھارت کا داخلی مسئلہ ہے، بیرونی نہیں جبکہ جموں و کشمیر کا تنازعہ عالمی مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں جموں و کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت فراہم کرتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب پہلگام کا واقعہ پیش آیا تو بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کو ہوا دینے اور من گھڑت بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کی جس میں بے شمار تضادات موجود تھے۔ پہلگام واقعہ کے رونما ہونے کے صرف دس منٹ کے اندر ایف آئی آر درج کرلی گئی، بغیر کسی تحقیقات کے الزام پاکستان پر عائد کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام لائن آف کنٹرول سے سو کلو میٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے، ایسے میں کیسے ممکن ہے کہ جس نقل و حرکت کا الزام لگایا جا رہا ہے اس کا سراغ تک نہ لگایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی پہلگام کا واقعہ پیش آیا تو ہم فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ بیانیہ کی اصل قوت ریاستی اداروں کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور مشترکہ عمل میں مضمر ہوتی ہے، تمام ریاستی ادارے یکسو تھے، ہمارا مقصد اور ہدف مشترک تھا کہ سچ کو موثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مئی کی جنگ کے دوران ہمارا بیانیہ اس لئے مضبوط تھا کیونکہ ہم نے بروقت، درست فورم پر موثر انداز میں سچ کو دنیا کے سامنے رکھا، بیانیہ کی جنگ میں اصل اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ صحیح بات، درست وقت پر اور درست فورم پر کی جائے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ضروری ہوتا ہے کہ سٹریٹجک بیانیہ کے حوالے سے مخصوص اور تفصیلی مہم ترتیب دی جائے، بیانیہ کے محاذ پر ہمیں اس وقت بڑی تقویت حاصل ہوئی جب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں خطاب کرتے ہوئے پہلگام واقعہ کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کی پیش کش کی۔ آج ایک سال گذر چکا ہے مگر بھارت کی جانب سے ہماری اس پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی دیا جا سکتا ہے کیونکہ سب جانتے ہیں کہ پہلگام واقعہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔ پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں جبکہ بھارت تحقیقات سے گریز کرتا رہا اور پھر اسی فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر پاکستان کے اندر معصوم شہریوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے موقف کو عالمی سطح پر اس عمل سے مزید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کے ایک وفد کو بیلہ نور شاہ لے گئے جہاں بھارت نے دہشت گرد کیمپوں کی موجودگی کا الزام عائد کیا تھا۔ ہم ان صحافیوں کو اس لئے وہاں لے گئے تاکہ دنیا کو دکھایا جا سکے کہ بھارت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اگلے روز ہمارا مریدکے اور بہاولپور جانے کا پروگرام تھا مگر اسی دوران بھارت نے جارحیت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے حق کے مطابق مضبوط اور فیصلہ کن جواب دینے میں حق بجانب تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بیانیہ کے محاذ پر ہم بین الاقوامی میڈیا سے مسلسل رابطے میں تھے کیونکہ ہمارے پاس دنیا کو بتانے کے لئے بہت کچھ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست ہے جو دہشت گردوں اور باقی دنیا کے درمیان ایک ڈھال اور دیوار بن کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی پاکستانی اپنی جان کی قربانی دیتا ہے تو وہ صرف مادر وطن کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کو محفوظ کرنے کے لئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جس نے دہشت گردی کی جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہو اور سینکڑوں ارب ڈالر کے معاشی نقصانات برداشت کئے ہوں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام ایک ایسا ملک عائد کر رہا ہے جو خود دنیا میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث ہے، بھارت کینیڈا میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سمیت امریکا، برطانیہ اور دنیا کے مختلف حصوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، ہمارے پاس شواہد موجود ہیں، پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی شہری کلبھوشن یادیو پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اسے حراست میں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بیانیہ کے محاذ پر پاکستان کا بنیادی موقف یہی رہا ہے کہ عالمی برادری تک حقائق کو موثر، مربوط اور بروقت انداز میں پہنچایا جائے اور اس مقصد کے لئے درست وقت اور درست فورم کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال مئی میں بھارتی حکومت اور بھارتی میڈیا کی جانب سے کئی دعوے غیر مصدقہ اور مبالغہ آمیز قرار دیئے گئے جبکہ پاکستانی میڈیا، علمی حلقوں اور دانشور طبقے نے اس صورتحال میں بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستانی میڈیا چینلز، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، تجزیہ کاروں، اینکر پرسنز اور رپورٹرز نے عالمی سطح پر پاکستان کا موقف موثر انداز میں پیش کیا اس کے برعکس بھارتی میڈیا کی جانب سے جنگی جنون اور اشتعال انگیزی پر مبنی بیانیہ سامنے آیا جس میں کئی غیر حقیقی دعوے بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے لاہور اور ملتان کی بندرگاہوں کو تباہ کرنے کے جھوٹے دعوے کئے حالانکہ ان دونوں شہروں میں بندرگاہیں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے مستند، تصدیق شدہ اور قابل اعتماد معلومات فراہم کیں، اس موثر بیانیہ کی وجہ ریاستی اداروں اور میڈیا کے درمیان مکمل ہم آہنگی، رابطہ اور معلومات کا بلا رکاوٹ تبادلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل نے جنگ کے سخت مرحلے میں اپنی الگ نوعیت کی ”میم وار“ شروع کر دی۔ ایک طرف میزائل اور گولے داغے جا رہے تھے اور دوسری جانب پاکستانی نوجوان اپنے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کے ذریعے تخلیقی میمز تیار کر رہے تھے۔ اس پر مخالف فریق بھی حیران تھا، اس پورے منظر نامے میں پاکستان نے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ بیانیہ کی جنگ ہو، روایتی عسکری صورتحال ہو یا سفارتی سطح کی کوششیں، وزارت خارجہ اور دیگر ریاستی اداروں نے مربوط انداز میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس کی بنیادی وجہ یہی تھی کہ ہمارے پاس دنیا کو بتانے کے لئے سچ موجود تھا جسے ہم نے موثر انداز میں دنیا تک پہنچایا۔ دوسری جانب دشمن مسلسل غلطیاں کرتا رہا، پوری دنیا نے دیکھا کہ اس کے عزائم کس طرح بے نقاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران سول و عسکری قیادت ایک پیج پر تھی، اسی اتحاد نے ہمیں دنیا کو اپنا موقف موثر انداز میں بیان کرنے میں مدد دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ اور بہادر قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ردعمل نے جس انداز میں صورتحال کا مقابلہ کیا اس نے پوری قوم کے حوصلے بلند کر دیئے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، معرکہ حق کے دوران پاکستان نے دشمن کے صرف فوجی اہداف اور فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا اس کے برعکس بھارت نے ہمارے شہری علاقوں پر حملے کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھارت کے آٹھ طیارے گرے تو بھارت کا غرور بھی زمین بوس ہو گیا۔ دنیا کے سامنے فضائی معرکے میں ہماری برتری ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بحریہ بھی ہر قسم کی جارحیت کے جواب کے لئے چوکس اور تیار تھی، معرکہ حق میں پوری قوم متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، ہم نے اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن اور پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات سے شروع ہو کر پاکستان نے ہر مرحلے پر درست حکمت عملی اختیار کی۔ پاکستان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں مقامی طور پر تیار کئے جانے والے دفاعی آلات اور ٹیکنالوجی کسی سے کم نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت اور کردار نمایاں ہوا ہے۔ اب پاکستان کا نام عزت سے لیا جاتا ہے اور اسے ایک سنجیدہ ملک کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو بین الاقوامی تنازعات کے حل میں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا پاکستان کی صلاحیتوں اور استعداد کو تسلیم کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب مشرقی ہمسایہ نے سینکڑوں ارب ڈالر لابنگ فرمز اور پی آر فرمز پر خرچ کئے لیکن آج شائننگ انڈیا کی بجائے تنہائی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی ملک اپنی پوری بنیاد اور بیانیہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے پر رکھے، اپنے داخلی مسائل کو بیرونی اور بیرونی مسائل کو داخلی بنائے، خطے میں بالادستی قائم کرنے کی کوشش کرے، خود کو جنوبی ایشیاء کا تھانیدار سمجھے تو یہ راستہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے، ان شاء اللہ پاکستان مزید ترقی کرے گا اور اس عظیم قوم کے لوگ اپنے ملک پر فخر کرتے رہیں گے۔متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
پنجاب عملاً ایک پولیس اسٹیٹ بن چکا ہے، کسی کے قانونی اور انسانی حقوق نہیں ہیں
-
وزیراعلیٰ پنجاب کا نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے ہر ماہ کھلے مین ہولز نہ ہونے کا بیان حلفی لینے اور نوٹس جاری کرنے کا حکم
-
انمول پنکی کے بعد کراچی میں ایک اور بدنام زمانہ منشیات فروش خاتون کی گرفتاری
-
چین کے نائب صدر ہان ژنگ نے ٹرمپ کا استقبال کیا‘کل صدر شی سے ملاقات ہوگی
-
حکومت کا گیس پر بھی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ
-
ورکر ویلفیئر بورڈ KP نے فیکٹری مزدوروں کے بچوں کے 20 کروڑ اسکالرشپ روک لیے، کامسیٹس کے 300 طلبہ کا مستقبل داؤ پر
-
ڈونلڈ ٹرمپ دو روزہ دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے
-
قرضوں پر سود کی ادائیگی اور دفاع پر بھاری اخراجات، ترقیاتی منصوبوں میں ریکارڈ کمی
-
ایران نے اپنی میزائل صلاحیتوں کا بڑا حصہ ‘ لانچنگ سائٹس کی اکثریت اور زیرزمین تنصیبات تک دوباہ رسائی حاصل کرلی ہے.امریکی خفیہ ایجنسیوں کا انکشاف
-
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کوہاٹ کے شہری لیاقت شہید کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت\
-
پاکستان بڑھتے بیماریوں کے بوجھ پر قابو نہیں پا سکتا جب تک روک تھام، سکریننگ، صاف پانی اور عوامی صحت بارے آگاہی کو ترجیح نہ دی جائے، سید مصطفیٰ کمال
-
سینیٹر شیری رحمان نے دونوں ایوانوں سے کتابوں پر پلاسٹک کورز پر پابندی کا بل منظور ہونا اسلام آباد کیلئے تاریخی ماحولیاتی کامیابی قرار دیدیا
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2026, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.