Live Updates

سندھ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے بہترین خطہ ہے ،گورنرسندھ

بدھ 13 مئی 2026 19:31

سندھ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے بہترین خطہ ہے ،گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سندھ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے لیے بہترین خطہ ہے اور ایران سمیت تمام ممالک کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ سے پاک ایران مشترکہ وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ایرانی وفد میں چابہار فری زون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد سعید اربابی، ڈپٹی گورنر سیستان و بلوچستان مجتبیٰ حسنی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے اور کاروباری شخصیات شریک ہوئیں۔ملاقات میں پاک ایران تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تجارتی حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کی کوششوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے قیام اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ گورنر سندھ نے اس حوالے سے مکمل حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان زمینی، فضائی اور فیری سروس کے ذریعے روابط اور علاقائی تجارت کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جبکہ چابہار اور گوادر بندرگاہیں خطے میں اقتصادی ترقی کے اہم مراکز بن سکتی ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات