وزیراعلیٰ پنجاب کا نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے ہر ماہ کھلے مین ہولز نہ ہونے کا بیان حلفی لینے اور نوٹس جاری کرنے کا حکم

سرکاری و نجی سکولوں کی بلڈنگز پر خاص نظر رکھی جائے، اگر انتظامی پاور آپ کے پاس ہے تو ذمہ داری بھی آپ ہی کی ہے، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی کمشنرز سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 13 مئی 2026 19:31

وزیراعلیٰ پنجاب کا نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے ہر ماہ کھلے مین ہولز نہ ہونے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 13 مئی 2026ء ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام اضلاع کو خود مختار بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب بھر میں اضلاع کے اپنے مالی وسائل سے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی کاموں کا آغازکیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت کمشنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت مقامی ریونیو سے عوامی فلاح کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں کمشنرز ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کودستیاب وسائل اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کڑے سوالات کیے اور کہا کہ آئی واش نہیں، گراؤنڈ ورک چاہیے، کمشنرز اب ایئر کنڈیشنز کمروں میں نہیں، فیلڈ میں نظر آئیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد ڈویژن میں نجی سوسائٹی میں تین سالہ بچی اوپن ڈچ (کھلے گڑھے) میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ اگر کوئی شہری مین ہول میں گرا تو سوسائٹی مالکان کو گرفتار کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز سے ہر ماہ کھلے مین ہولز نہ ہونے کا بیان حلفی لینے کابھی حکم دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب بھر کی تمام نجی سوسائٹیز کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری و نجی سکولوں کی بلڈنگز پر خاص نظر رکھی جائے۔

تمام کنسٹرکشن سائٹس کو باقاعدہ ایس او پیز کے مطابق کارڈن آف کیا جائے تاکہ کوئی حادثہ نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کمشنرز کو خود فیلڈ وزٹ کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کمشنرز تمام کے پی آئیز (KPIs) کی کڑی نگرانی کو یقینی بنائیں۔ اگر پاور انتظامیہ لے آپ کے پاس ہے تو ذمہ داری بھی آپ ہی کی ہے۔ تمام تحصیلوں میں ڈیپ کلیننگ (Deep Cleaning) کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

کچھ افسران کی کارکردگی بہتر ہے لیکن کچھ نے صرف ”آئی واش“ (Eye wash) بنایا ہوا۔زمین پر اتنا کام نظر نہیں آ رہا جتنا آنا چاہیے تھا،عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کمشنرز حکومت کی آنکھیں، کان اور بازو ہیں، اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ضلعی انتظامیہ کو میرے اعتماد کی لاج رکھنی ہوگی،غفلت کی گنجائش نہیں۔ کمشنرز کا مانیٹرنگ کا میکانزم ایسا ہونا چاہیے کہ کہیں بھی کوتاہی کی گنجائش نہ رہے۔

کسی کی سفارش یا اقرباء پروری نہیں صرف میرٹ پر کام ہوگا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن کے لیے لوکل گورنمنٹ کے 4 ارب روپے کے فنڈز موجود ہیں۔ ساہیوال شہر اور گردونواح میں 1.12 ارب روپے سے ترقیاتی کیے جائیں گے۔ ساہیوال میں 862 ملین روپے کی لاگت سے 18.8 کلومیٹر طویل 10 اہم سڑکیں تعمیر ہوں گی۔ ستمبر 2026 تک ساہیوال کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جن شہری سڑکوں کی مدت پوری ہو چکی ہے انہیں دوبارہ جدید معیار پر تعمیر کیا جائے گا۔ ساہیوال کے دیہی علاقوں میں فارم ٹو مارکیٹ سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا۔ ساہیوال ڈی پی او چوک سے ڈی پی ایس چوک تک 3.2 کلومیٹر طویل سڑک بنے گی۔ فرید ٹاؤن روڈ کی اپ گریڈیشن اور شیر دل چوک سے سمندری روڈ کی تعمیر ہوگی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں عالمی معیار کی سڑکیں بنانے کا حکم دیا اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہڑپہ روڈ سے ڈی پی ایس روڈ اور گرلز کالج سے بھیا چوک تک سڑکیں تعمیر ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سڑکوں کے ساتھ لیول پر فٹ پاتھ (Pavements) کی تعمیر کو لازمی قرار دے دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیچہ وطنی شہر میں دو اہم سڑکوں سمیت احمد نگر بائی پاس اور گرلز کالج بائی پاس روڈبنے گی۔ چیچہ وطنی کے دیہی علاقوں میں چک 138/9-L اور چک 186/9-L کی سڑکیں تعمیر ہوں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے چیچہ وطنی چوک کی خوبصورتی اور مین بازار کو ماڈل بازار بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دکانوں کے سامنے تجاوزات اور خوبصورتی میں رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال شہر کے داخلی راستے پر خوبصورت اور پرکشش انٹری پوائنٹ بنانے کا حکم دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوکاڑہ میں پپلی پہاڑ روڈ کی اپ گریڈیشن اور گوگیرا سے ٹھٹھہ سرانگ تک سڑک بنے گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اوکاڑہ مین اکبر روڈ پر سولر اسٹریٹ لائٹس اور جناح اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کابھی حکم دیا۔ اجلاس میں پاکپتن میں 5 شہری، 5 دیہی اور 4 بیوٹیفکیشن اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکپتن میں ناردرن سدرن بائی پاس اور ملکہ ہانس روڈ کی تعمیر ہوگی۔ پاکپتن میں کرکٹ اسٹیڈیم اور ڈی پی او آفس کے سامنے اسپورٹس ایرینا قائم کیا جائے گا۔

پاکپتن کی اولڈ گگو شاہ والی گلی کو ماڈل اسٹریٹ بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکپتن نہر کے کناروں کی خوبصورتی کے ساتھ سولر لائٹس لگانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ساہیوال ڈویژن کی تمام 17 اسکیمیں ستمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اس موقع پرسرگودھا ڈویژن کے لیے 2.8 ارب روپے کے ریونیو سے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں شاہ پور لک موڑ روڈ کی تعمیر اور بھیرہ کی بیوٹیفکیشن کی منظوری بھی دی گئی۔ سیال موڑ موٹروے انٹری پوائنٹ کی خوبصورتی اور سرگودگا یونیورسٹی روڈ پر پیڈسٹرین برج بنے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں سیف سٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی تک رسائی آسان بنائی جاے گی اور رحمان پورہ روڈ کی اپ گریڈ ہوگی۔

قائد آباد میں فیملی پارک، بس اسٹینڈ اور بھکر کی شہری علاقوں کی سڑکوں کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ دریا خان میں کلر کوٹ روڈ کی ری ویمپنگ، کڈز ایریا، لیڈیز پارک اور بس اسٹیشن بنے گا۔ منکیرہ کے انٹری پوائنٹ کی خوبصورتی اور میانوالی روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا ڈویژن کی اسکیمیں 30 ستمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پورے پنجاب میں ترقیاتی کاموں کے یکساں معیار کوبرقرار رکھنے کا حکم دیا۔ اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد ڈویژن کے پاس 5.3 ارب روپے کے مقامی وسائل موجود ہیں۔ فیصل آباد میں 81 کلومیٹر طویل 38 سڑکوں سمیت مجموعی طور پر 59 اسکیموں پر کام ہوگا۔ جھنگ روڈ بائی پاس کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں اینڈ ٹو اینڈ پیومنٹ تعمیر کرنے کا حکم دیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈجکوٹ سے تاندلیانوالہ روڈ کی تعمیر نو اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی بہتری ہوگی۔ جڑانوالہ سے ستیانہ لنک روڈ پر فٹ پاتھ تعمیر کیے جائیں گے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ میں اینڈ ٹو اینڈ سڑکیں بنیں گی۔چنیوٹ میں 7 سڑکوں کی بہتری اور شہر کی بیوٹیفکیشن ہوگی۔ جھنگ روڈ پر اسٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔

ملتان ڈویژن کے چار اضلاع میں 3 ارب روپے سے 28 اسکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ ملتان میں گھنٹہ گھر سے چونگی نمبر 9 اور ڈیرہ اڈہ سے عزیز ہوٹل تک روڈ کی اینڈ ٹو اینڈ اپ گریڈ ہوگی۔ عسکری بائی پاس اولڈ شجاع آباد روڈ کو ڈبل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فوارہ چوک سے گرلز ڈگری کالج اور پرمٹ روڈ کو بہتر بنایا جائے گا۔ پل رنگو سے پل برکت آباد تک سڑک کی اپ گریڈیشن ہوگی۔

کبیر والا میں جنرل بس اسٹینڈ کی اپ گریڈیشن اور تلمبہ میونسپل کمیٹی آفس کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ وہاڑی میں رتا ٹبہ روڈ اور بورے والا میں معصوم شاہ روڈ کی لنکنگ ہوگی۔ میلسی میں جلا جیم اسپورٹس اسٹیڈیم کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ لودھراں میں 6 ترقیاتی اسکیموں سمیت سپر چوک کی بہتری اور گیٹ کی تعمیر کیا جائے گا۔کہروڑ پکا میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور قاسم پارک کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ دنیا پور میں بھی جدید اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام منصوبوں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا سخت حکم دیا۔