اسلام آباد میں 14 مئی سے 5 روزہ ریجنل اینوائز کانفرنس کا انعقاد، اسحاق ڈار کا پاکستان کی فعال سفارتکاری کے عزم کا اعادہ

برادر ممالک سے تعلقات اور عالمی صورتحال کا جائزہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ریجنل اینوائز کانفرنس کے ایجنڈے کی تفصیلات بتا دیں

جمعرات 14 مئی 2026 04:55

s اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2026ء) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 سے 18 مئی تک ریجنل اینوائز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس) پر اپنے ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس پانچ روزہ اہم بیٹھک میں بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد برادر ممالک کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا اور موجودہ اشتراکِ عمل کی صورتحال پر غور کرنا ہے۔نائب وزیراعظم کے مطابق کانفرنس کے دوران متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات اور تجاویز برادر ممالک کے ساتھ تعلقات کو ایک نئی بلندی پر لے جانے اور سفارتی بندھن کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اس وقت فعال سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔ حکومتِ پاکستان علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں استحکام کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے۔ یہ کانفرنس پاکستان کی خارجہ پالیسی کے ترجیحی اہداف کے حصول اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی