Live Updates

باغ ،جمعیت علماء جموں و کشمیر ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی ایک عظیم دینی، مذہبی، سیاسی اور روحانی جماعت ہے،مرکزی سیکرٹری اطلاعات

جمعرات 14 مئی 2026 22:31

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2026ء) جمعیت علماء جموں و کشمیرکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ممبر مرکزی زکوٰۃ کونسل حکومت آزاد کشمیر مولانا ملک شوکت عارف قادری نے کہا ہے کہ جمعیت علماء جموں و کشمیر ریاست جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی ایک عظیم دینی، مذہبی، سیاسی اور روحانی جماعت ہے، جسے ریاست بھر کے ممتاز علماء کرام، مشائخ عظام اور دنیا بھر میں مقیم لاکھوں کشمیری تارکین وطن کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء جموں و کشمیر کی مرکزی مجلس عاملہ و مجلس شوریٰ کے مشترکہ اجلاس کے اختتام پر نمائندگان قومی پریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جمعیت علماء جموں و کشمیر نے بلا تخصیص و تفریق تمام مکاتب فکر، دینی اداروں اور مذہبی طبقات کی خدمت کی، جس پر اجلاس میں شریک نمائندگان نے جماعت کی پالیسیوں اور سابقہ خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

مولانا ملک شوکت عارف قادری نے بتایا کہ مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ کے اجلاس میں ریاست بھر کے علاوہ پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں عالمی و علاقائی صورتحال، پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور عسکری کامیابیوں اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور حکومت پاکستان کو بھارت کی جارحیت کا موثر جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے امت مسلمہ، پاکستان اور کشمیری قوم کو نیا جذبہ، ولولہ اور حوصلہ دیا ہے اور بھارت کو عالمی سطح پر ناکامی و شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ایک سوال کے جواب میں مولانا ملک شوکت عارف قادری نے کہا کہ جمعیت علماء جموں و کشمیر کا تاحال کسی سیاسی جماعت کے ساتھ باضابطہ انتخابی اتحاد نہیں ہوا، تاہم مرکزی مجلس شوریٰ، مجلس عاملہ اور ریاست بھر کے علماء اہل سنت و مشائخ عظام نے قائد جمعیت علامہ امتیاز احمد صدیقی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سیاسی فیصلوں اور آئندہ انتخابی حکمت عملی کے تمام اختیارات دے دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں جمعیت علماء جموں و کشمیر اپنے سیاسی فیصلوں کا دوٹوک اعلان کرے گی اور عام انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی، سماجی اور مذہبی ہم آہنگی قائم ہے جسے برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مضبوط اور دیرپا عوامی حکومت کا قیام ناگزیر ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرے۔

انہوں نے علماء کرام، مشائخ عظام اور دینی طبقات سے اپیل کی کہ وہ جمعیت العلماء جموں و کشمیر کا ساتھ دیں تاکہ آزاد کشمیر کے دینی طبقات کے دیرینہ مسائل حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ، مقامات مقدسہ کے تحفظ، تحریک آزادی کشمیر اور استحکام پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔\378
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات