ملک میں 10ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، غیرملکی سرمایہ 218 فیصد بڑھ گیا

فروری سے اپریل کے دوران 10ہزار 511 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں،ایس ای سی پی

اتوار 17 مئی 2026 21:20

ملک میں 10ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، غیرملکی سرمایہ 218 فیصد بڑھ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2026ء) ملک میں رواں سال فروری سے اپریل تک 10 ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) نیکمپنیوں کی رجسٹریشن کے اعدادو شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق فروری سے اپریل کے دوران 10ہزار 511 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 8 ہزار693 تھی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اپریل میں 4 ہزار 82 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، 22 سے زائد ممالک کے سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں کمپنیاں رجسٹرڈ کیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کی کمپنیوں کا مجموعی سرمایہ 218 فیصد بڑھا ہے۔اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا مجموعی اداشدہ سرمایہ 88 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا جبکہ گزشتہ سال غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ادا شدہ سرمایہ 27 کروڑ 70 لاکھ روپے تھا۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کے مطابق پاکستان میں تجارت،خدمات، معلوماتی ٹیکنالوجی، تعمیرات اور معدنیات کی کمپنیاں رجسٹر کرائی گئیں، کمپنیوں کی ریگولیٹری کمپلائنس میں 61 فیصد اضافہ ہوا۔اسی طرح تین ماہ میں 61 ہزار 960 کمپنیوں نے سالانہ ریٹرنز جمع کرائیں جبکہ گزشتہ سال 38 ہزار 326 کمپنیوں نے ریٹرنز جمع کروائے تھے۔ایس پی سی پی کے مطابق نان لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرسرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹلائز کرنے کا آغاز ہوگیا ہے، الیکٹرانک شیئرز سیکمپنیوں کے شیئر ہولڈنگ تنازعات کا خاتمہ ممکن ہوگا، اسلام آباد، کراچی،لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد میں سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے۔

ایس ای سی پی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی رجسٹریشن کے نظام کو مزید خودکار بنایا جائے گا اور کمپنیوں کے نام ریزویشن کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا۔