پاکستان: یو این ادارے کی مدد سے خضدار میں جیل اصلاحات

یو این پیر 18 مئی 2026 02:00

پاکستان: یو این ادارے کی مدد سے خضدار میں جیل اصلاحات

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 18 مئی 2026ء) اقوام متحدہ کا ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی) پاکستان میں انصاف کے شعبے میں پائیدار اصلاحات لانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں معاونت کر رہا ہے جس سے انہیں بیرونی تکنیکی مدد پر انحصار کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ادارے نے یورپی یونین کے 'فنڈز ڈیلیور جسٹس' پروگرام کے تحت صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کی جیل میں 4 تا 6 مئی ایک خصوصی تربیت کا انعقاد کیا جس میں اہلکاروں کو جیل کے بہتر انتظام سے متعلق آگاہی و تربیت فراہم کی گئی۔

جیلوں کے انتظام سے متعلق اطلاعاتی نظام (پی ایم آئی ایس) پر ہونے والی اس تربیت کا مقصد جیل کے اندر تربیت یافتہ عملے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا تاکہ وہ نہ صرف نظام انصاف کو بہتر طور پر سمجھ سکیں بلکہ اسے وقت کے ساتھ بہتر بنانے کے علاوہ دوسرے اہلکاروں کو بھی اس کی تربیت دے سکیں۔

(جاری ہے)

جدید طریقہ کار

تین روزہ تربیت کے دوران شرکا کو عملی مشقوں کے ذریعے جیل میں قیدیوں کے داخلے کے نظام، پروفائلنگ، طبی ریکارڈ کے اندراج، عدالت میں پیشی کے انتظام، ملاقاتوں کے اہتام اور قیدیوں کی منتقلی کے بارے میں جدید اور موثر طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔

اس دوران شرکا کو نظام میں درپیش تکنیکی اور عملی مسائل جیسا کہ نیٹ ورک اور بائیومیٹرک نظام کی خرابیوں کے حل کی تربیت بھی دی گئی تاکہ وہ روزمرہ کارروائیوں کو بہتر انداز میں سنبھال سکیں جبکہ معیاری طریقہ کار (ایس اوپیز) پر سختی سے عمل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

عوامی مرکزیت پر توجہ

'یو این او ڈی سی' کے مطابق، تربیت کاروں کی تربیت کا طریقہ کار (ٹی او ٹی) اصلاحات کو پائیدار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے نہ صرف ادارہ جاتی کارکردگی بلکہ ٹیکنالوجی پر مبنی جیل خانہ جات کے نظام کو دیرپا بنیادیں بھی فراہم ہوتی ہیں۔

یورپی یونین اور 'یواین او ڈی سی' کی اس مشترکہ کوشش سے بلوچستان میں عوامی مرکزیت پر مبنی اور پائیدار انصاف کے نظام کی مضبوط بنیاد رکھنے میں مدد ملے گی۔