پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پرخصوصی پینل ڈسکشن کا انعقاد

جمعرات 21 مئی 2026 16:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2026ء) ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن گلوبل وژن فار اِنکلیوسِو پرو گریس اور پنجاب گروپ آف کالجز ملتان کے اشتراک سے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی منا سبت سے خصوصی پینل ڈسکشن منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کی۔ جبکہ مہمانانِ خصوصی میں سر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، سما جی رہنما نعیم اقبال نعیم اور سابق چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی شامل تھے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کےتعلقات سفارتی و معاشی شعبوں کے ساتھ تعلیم، تحقیق، ٹیکنا لوجی اور نوجوانوں کے تبادلہ خیال کے میدان میں بھی نئی جہتیں اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی تاریخ، جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی مواقع سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تاکہ وہ مستقبل کی ترقی میں مؤثرکردار ادا کرسکیں۔پروفیسر ڈاکٹرحمید رضا صد یقی نے کہا کہ پاک چین تعلقات خطے میں ترقی اور استحکام کی علامت ہیں جبکہ تعلیمی ادارے اس دوستی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔تقریب میں ممتاز ماہرین تعلیم، سماجی شخصیات، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اختتام پر مہمانانِ گرامی میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔