عید الاضحیٰ پر لائن آف کنٹرول سے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کا قوم کے نام خوبصورت پیغام

جمعرات 28 مئی 2026 11:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2026ء) عید الاضحیٰ کے موقع پر پر لائن آف کنٹرول سے پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے قوم کے نام اپنے پیغام پوری قوم کو عیدالاضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے سرحدوں کے محافظوں نے پاکستان کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر پاک فوج کے افسران اور جوان کا کہنا تھا کہ پوری قوم عید منا رہی ہوتی ہے تو وطن کے محافظ سرحدوں پر دفاعِ پاکستان کیلئے ہمہ وقت چوکس رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کی ہر خوشی، ہر مسکراہٹ اور وطن کے امن کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،سبز ہلالی پرچم کی حرمت اور پاکستان کی سلامتی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ پاک فوج کے افسران نے کہا کہ دشمن کی ہر سازش کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا جبکہ جوانوں کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کا جذبہ ہمیں ایثار، قربانی اور وطن پر جان نچھاور کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وطن کے محافظوں نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔