پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل سے راولپنڈی میں ہوگا

جمعہ 29 مئی 2026 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2026ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا آغاز کل سے راولپنڈی میں ہوگا۔ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ تمام میچز شام ساڑھے چار بجے پاکستان وقت کے مطابق شروع ہوں گے۔

پاکستان اپنی تاریخ کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا، جو قومی ٹیم کے لیے ایک یادگار موقع تصور کیا جا رہا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی کپتانی جوش انگلس کے سپرد ہوگی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 111 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جبکہ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ون ڈے سیریز دو ایک سے اپنے نام کی تھیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ پہلی مرتبہ PCB Live کے ذریعے میچز کی لائیو اسٹریمنگ بھی فراہم کرے گا جبکہ شائقین پی ٹی وی اسپورٹس پر بھی میچز براہ راست دیکھ سکیں گے۔سیریز کے لیے کمنٹری پینل میں عامر سہیل، رمیز راجہ، بازید خان، عروج ممتاز اور گریگ بلیوٹ شامل ہوں گے۔قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ایک ہزارواں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنا ٹیم کے لیے ایک خاص لمحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہمیشہ سخت ہوتے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کھلاڑیوں نے ٹریننگ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے اور پوری ٹیم جیت کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ دو ون ڈے سیریز میں کامیابی سے ٹیم کا اعتماد مزید بلند ہوا ہے جبکہ راولپنڈی اور لاہور میں شائقین کی سپورٹ ہمیشہ کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوتی ہے۔