میر واعظ عمر فاروق کا حضرت عثمان غنیؓ کو یوم شہادت پر خراج عقیدت

جمعرات 4 جون 2026 11:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے خلیفہ سوم امیر المومنین سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کے یوم شہادت پر خلیفہ راشدکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں علم و عمل ، حلم و حیا، امانت و دیانت اور شجاعت و سخاوت کا پیکر اور ان کی دین اسلام کے لئے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے بیان میں کہا کہ سید ناحضرت عثمان غنیؓ جملہ صحابہ کرام میں اپنے مقام و منزلت، فضل و کمال اور دین اسلام کے تئیں نمایاں خدمات کے سبب نہ صرف ایک انفرادی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ آپ کو لسان نبوت سے بیک وقت ذوالنورین ، ذوالہجرتین اور ذو البشارتین کا لقب، اعزاز اور افتخار بھی حاصل ہے اور اس میں کوئی آپؓ کا ثانی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت عثمانؓ کے یوم شہادت کے موقعہ پر حضرات خلفائے راشدین بالخصوص حضرت عثمان غنی ؓ کی حیات طیبہ کو بطور نمونہ اور تعلیمات عالیہ کو اپنی عملی زندگیوں میں اپنانے کے عزم کے عہد کی تجدید کریں اور سنگین مسائل سے دوچار موجودہ معاشرے کی اصلاح اور گوناگوں مشکلات سے دوچار امت مسلمہ بحرانی حالات سے کس طرح باہر آئے اس کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنی مثبت کوششوں میں تیزی لائیں اوریہی چیز خلیفہ راشد کے تئیں سب سے بڑا خراج عقیدت ہے۔