ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان نارتھ امریکہ (اپنا) کے صدر ڈاکٹر راؤ بابر سے ڈاکٹرجمال ناصر کی ملاقات

جمعہ 12 جون 2026 23:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2026ء) ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستان نارتھ امریکہ (اپنا) کے صدر ڈاکٹر راؤ بابر سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے صدر پروفیسر شعیب شفیع اور سابق صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے طبی ماہرین کے درمیان علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ جدید طبی علوم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی پیش رفت سے پاکستانی ڈاکٹروں کو بھرپور استفادہ حاصل ہونا چاہیے تاکہ ملک میں صحت کی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر نہ صرف عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں بلکہ وہ وطن عزیز کے طبی شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے درمیان باقاعدہ روابط اور اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اس سلسلے میں ابتدائی سطح پر مشاورت اور رابطوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت مستقبل میں دونوں تنظیمیں ایک دوسرے کے ڈاکٹروں، سرجنز اور طبی ماہرین کے لئے تربیتی پروگرامز، ورکشاپس، سیمینارز اور علمی تبادلوں کا اہتمام کریں گی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جدید طبی تحقیق، خصوصی مہارتوں اور نئے علاج معالجے کے طریقہ کار سے متعلق معلومات کے تبادلے سے پاکستان میں طبی تعلیم اور مریضوں کے علاج معالجے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا شرکا نے کہا کہ پاکستانی اور امریکی ڈاکٹروں کے درمیان مضبوط روابط نہ صرف طبی شعبے کی ترقی کا باعث بنیں گے بلکہ اس کے مثبت اثرات عام شہریوں تک بھی پہنچیں گے اور انہیں بہتر اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی ڈاکٹر راؤ بابر، پروفیسر شعیب شفیع اور ڈاکٹر جمال ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے طبی ماہرین کے درمیان تعاون کو ایک مستقل اور مؤثر نظام کی شکل دی جائے گی تاکہ تحقیق، تعلیم، تربیت اور جدید طبی مہارتوں کے فروغ کے ذریعے صحت کے شعبے میں نئی راہیں ہموار کی جا سکیں۔