علما معاشرے میں رواداری و بھائی چارے کو فروغ دیں،اسلم فاروقی

وطن عزیز فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں ایک دوسرے کیساتھ شفقت و احترام سے پیش آنا چاہئے

پیر 22 جون 2026 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2026ء) بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ علما کرام معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں وطن عزیز فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں۔

(جاری ہے)

امن وامان برقرار رکھنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ شفقت اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہئے ان تاثرات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ ورانہ تشدد، قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام کی بنیاد امن، محبت، رواداری اور اخوت ہے علما کرام معاشرے کے معمار اور انبیا کے وارث ہیں۔

جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی تقاریب، خطبات کے ذریعے معاشرے میں نفرتوں کو مٹا کر برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دیں ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے موجودہ دور میں ہمارا معاشرہ انتشار، فرقہ واریت اور عدم برداشت کا شکار ہے علما کرام خطبہ جمعہ اور اجتماعات میں ایسے موضوعات کا انتخاب کریں جو لوگوں کے دلوں میں نرمی پیدا کریں اور انہیں ایک دوسرے کے قریب لائیں۔