کراچی پولیس آفس حملہ کیس: سندھ ہائیکورٹ نے دو ملزمان کی ضمانت مسترد کردی

ہفتہ 27 جون 2026 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2026ء) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی پولیس آفس (کے پی او)حملہ کیس میں گرفتار ملزمان عبدالعزیز اور مہران کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو مقدمے کا ٹرائل تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دونوں ملزمان کا کے پی او حملے سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں واقعے کے 27 روز بعد گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو ابتدائی طور پر مقدمات میں نامزد بھی نہیں کیا گیا تھا جبکہ اب تک 26 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں اور کسی گواہ نے ملزمان کے کردار یا نام کا ذکر نہیں کیا۔عدالت کے روبرو استغاثہ کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔پولیس کے مطابق سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب کارروائی کے دوران حملے کے دو مبینہ ماسٹر مائنڈز ہلاک جبکہ دو سہولت کار گرفتار کیے گئے تھے۔