اسلام آباد ہائی کورٹ کی بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی کے خلاف درخواستوں کو نمبر لگانے کی ہدایت

پیر 29 جون 2026 22:08

اسلام آباد ہائی کورٹ  کی  بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2026ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مبینہ قید تنہائی کے خلاف دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے درخواستوں کو باقاعدہ نمبر لگانے کی ہدایت کر دی جبکہ قرار دیا کہ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا معاملہ عدالت کی جانب سے دیکھا جائے گا۔جسٹس خادم حسین سومرو نے علیمہ خانم اور مبشرہ خاور مانیکا کی جانب سے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت کی۔

سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلاء پیش ہوئے۔بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے متاثرہ فریق ہونے کا اعتراض عائد کیا ہےحالانکہ علیمہ خانم بانی پی ٹی آئی کی بہن اور مبشرہ خاور مانیکا بشریٰ بی بی کی بیٹی ہیں، اس لیے انہیں درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بیگم شمیم آفریدی اور بیگم نصرت بھٹو سمیت مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسار کیا کہ اپیلوں کی سماعت کے دوران متعلقہ بینچ کی جانب سے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے حکم کی نقل کہاں ہے جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ مصدقہ کاپی ابھی دستیاب نہیں۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے موقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بھی وکیل نے عدالت کو قید تنہائی کی شکایت نہیں بتائی، بلکہ صرف اپیلوں پر دلائل کے معاملے کا ذکر کیا تھا۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواستوں کو نمبر لگانے کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کا معاملہ جوڈیشل سائیڈ پر طے کیا جائے گا۔ بعد ازاں بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا پر کیس کی مزید سماعت (منگل) تک ملتوی کر دی گئی۔