پشاور بی آر ٹی کی 52 نئی بسیں چین سے پاکستان روانگی کیلئے تیار

25 بسوں کی پہلی کھیپ جولائی کے آغاز میں پہنچنے کی توقع، فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 جولائی 2026 21:20

پشاور بی آر ٹی کی 52 نئی بسیں چین سے پاکستان روانگی کیلئے  تیار
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 جولائی 2026ء) خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے شہریوں اور بی آر ٹی کے مسافروں کیلئے خوشخبری ہے کہ پشاور بی آر ٹی منصوبے کے لیے بیرونِ ملک سے خریدی گئی 52 نئی جدید بسیں پاکستان روانگی کے لیے بالکل تیار کر لی گئی ہیں، ان بسوں کی آمد سے پشاور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر اور فعال ہو جائے گا۔

بی آر ٹی حکام کے مطابق خریدی گئی 52 بسوں میں سے 25 بسوں پر مشتمل پہلی کھیپ جولائی کے آغاز میں ہی پاکستان پہنچنے کی قوی توقع ہے، ان بسوں کے بندرگاہ پر پہنچتے ہی انہیں فوری طور پر پشاور منتقل کر دیا جائے گا، جبکہ باقی ماندہ بسیں دوسرے مرحلے میں بعد ازاں پاکستان پہنچیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ ان 52 نئی بسوں کی پشاور آمد اور سسٹم میں باقاعدہ شمولیت کے بعد بی آر ٹی کے فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 296 ہو جائے گی، بسوں کی تعداد میں اس بڑے اضافے سے روٹس پر مسافروں کے شدید رش اور ہجوم پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور شہریوں کو سفر کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پشاور بی آر ٹی شہر کی سب سے مقبول اور مصروف ترین ٹرانسپورٹ سروس بن چکی ہے جہاں روزانہ لاکھوں شہری سفر کرتے ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان نئی بسوں کو بی آر ٹی کے روٹ پر چلائے جانے کے بعد جہاں مسافروں کے رش کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی وہین مسافروں کے وقت کی بھی بچت ہوگی۔