راجوری میں تلاشی آپریشن جاری، مبین شاہ کی جائیداد کی ضبطی کی مذمت

جمعرات 2 جولائی 2026 17:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے حریت رہنماؤں سمیت3ہزار سے زائد کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر جیلوں میں بند کر رکھا ہے اور وہ انکی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دے رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی اداروں کو کشمیریوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے نظر بند حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور دیگر لوگوں کے عزم وہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت بے انتہا جبر کے باوجود انکے حوصلے توڑنے میں ناکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمدیٰسین ملک، آسیہ اندرابی اور دیگر نظر بندو ں کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

ضلع راجوری کے ڈوریمل اور گمبھیر مغلاں جنگلاتی علاقے میں بھارتی فورسز کا تلاشی آپریشن جمعرات کو مسلسل 41ویں روز بھی جاری رہا ۔ آپریشن میں بھارتی فورسز کے ہزاروں اہلکار ، جنگی ہیلی کاپٹر،ڈرون ، سراغ رساں کتے حصہ لے رہے ہیں۔قابض بھارتی اہلکار قریبی گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کر رہے ہیںجسکی وجہ سے مقامی لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

بھارتی فوج نے دعویٰ کیاتھا کہ علاقے میں متعدد عسکریت پسند موجود ہیں تاہم آپریشن کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ، قابض فوج انکا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سری نگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کچھ حاصل نہیں ہوا، مقبوضہ علاقہ کھلی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں لوگ اظہار رائے کی آزادی کے حق سے محروم ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری سیاسی عدم اطمینان کا مسلسل شکارہیں اور وہ خود کو بے بس و تنہا محسوس کر رہے ہیں۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ممتاز کشمیری تاجر اور تحریکِ آزادی کے سرگرم حمایتی ڈاکٹر مبین احمد شاہ کی جائیداد کی ضبطی کی شدید مذمت کی ہے۔ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان کہا کہ مبین احمد شاہ ایک باوقار کاروباری شخصیت ہیں اور وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں طویل عرصے سے آواز بلند کر رہے ہیں جس کی پاداش میں انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کی آنے والی فلم 'چوہان' کا ٹیزر منظرِ عام پر آتے ہی بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے۔ فلم کے ٹیزر میں پیلٹ گن سے آنکھوں کو پہنچنے والے شدید نقصان کو محدود نقصان قرار دیا گیا ہے، جس پر پیلٹ متاثرین اور مقامی رہنماؤں ، انسانی حقوق اور سول سوسائٹی کے کارکنوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیا ہے۔