پنجاب کو جنوبی ایشیاء کا مصنوعی ذہانت کا مرکز بنانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھا رہے ہیں‘ علی ڈار

جمعہ 3 جولائی 2026 18:09

پنجاب کو جنوبی ایشیاء کا مصنوعی ذہانت کا مرکز بنانے کے لیے عالمی شراکت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے گوگل فار ایجوکیشن مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقہ کے سربراہ مازن عبداللہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی عالمی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں گوگل، الائیڈ آسٹریلیا، ٹیک ویلی پاکستان اور این آر ٹی سی کے سینئر نمائندگان بھی شامل تھے۔

ملاقات میں پنجاب میں تعلیمی شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن، مصنوعی ذہانت کے فروغ اور مستقبل کی مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب کو جنوبی ایشیا کا مصنوعی ذہانت کا مرکز بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے امتزاج کے ذریعے پنجاب کو جدید ڈیجیٹل معیشت کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کو اے آئی اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گوگل جیسے عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری پنجاب میں عالمی معیار کا اے آئی ایکو سسٹم تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ نہ صرف مستقبل کی معیشت بلکہ علم پر مبنی معاشرے کی مضبوط بنیاد بھی ثابت ہوگا۔ علی ڈار نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ تعاون سے پنجاب میں سرمایہ کاری، اختراع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دی آفس آف اے آئی پنجاب عالمی شراکت داری کے ذریعے صوبے کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اختراع اور ٹیکنالوجی کی قیادت کرنے والا خطے کا نمایاں مرکز بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔