کراچی،حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے وفد کی چیئرمین’’ ایچ آر سی پاکستان‘‘سے ملاقات

ہفتہ 4 جولائی 2026 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2026ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے کراچی میں ’’ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان ‘‘ کے چیئرمین جمشید حسین سے ملاقات کی اور انہیں معروف کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی شہید کے یوم شہادت پر منعقد کی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جمشید حسین نے حریت کانفرنس کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

اس دوران بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔وفد نے ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین کو بھارتی فورسز کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں، غیر قانونی گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، اظہارِ رائے پر پابندیوں، گھروں پر چھاپوں، سیاسی کارکنوں کی مسلسل نظربندی اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ملاقات کے دوران 8 جولائی کو شہیدِ کشمیر برہان مظفر وانی کے دسویں یومِ شہادت کے موقع پر آرٹس کونسل کراچی سے کراچی پریس کلب تک منعقد ہونے والی ریلی کے انتظامات اور اس کی اہمیت پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفد نے جمشید حسین کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی، جس پر انہوں نے بھرپور تعاون اور شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی جدوجہد ایک منصفانہ اور جائز جدوجہد ہے، جس کی حمایت ہر انصاف پسند انسان کی ذمہ داری ہے۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی کر رہے تھے، جبکہ اس میں شیخ عبدالمتین، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد اور امتیاز وانی شامل تھے۔ اس موقع پر سابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یاسین آزاد، معروف کالم نگار بشیر سید زئی اور کامران ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔