بھارت: اترپردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 مساجد کو مسمار کردیا گیا

ہفتہ 4 جولائی 2026 22:12

لکھنو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2026ء) بھارت میں مسلمانوں اوران کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بدستورجاری ہے اورتازہ ترین واقعے میں بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر بنارس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانچ مساجد کو مسمار کردیا گیا ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی حکومت کی جانب سے سڑک کو کشادہ کرنے اور شہری ترقیاتی منصوبے کے تحت کی گئی جبکہ علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس اور پیراملٹری فورسز کے اہلکار تعینات کیے گئے۔

حکام کا کہناہے کہ مساجد ترقیاتی منصوبے کے راستے میں آ رہی تھیں اورانہیں قانونی کارروائی اور پیشگی نوٹس کے بعد منہدم کیا گیا۔

(جاری ہے)

پانچ مساجد کو منہدم کردیاگیا ہے جبکہ چھٹی مسجد سے متعلق معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔دوسری جانب مقامی مسلمان تنظیموں اور سماجی کارکنوں نے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی اور مذہبی اہمیت رکھنے والی مساجد کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور حکومت کو متبادل راستے تلاش کرنے چاہیے تھے۔

انہوں نے اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کیاہے۔واضح رہے کہ بابری مسجد کی شہادت اورسپریم کورٹ کے یکطرفہ فیصلے کے بعد بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو نشانہ بنانے کا راستہ کھل گیا ہے اورہر دوسرے روز ہندو انتہاپسند کسی نہ کسی مذہبی مقام کے بارے میں نت نئے دعوے کرتے رہتے ہیں۔