لیسکو میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی قلت و خراب ہونے کی شرح میں اضافہ ،شہر میں بجلی کا بحران

پورے شہر کی سب ڈویژنوں میں افسران اور اہلکار ٹرانسفارمرچوری کروانے میں ملوث ہیں. لیسکو ذرائع کا انکشاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 5 جولائی 2026 17:13

لیسکو میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی قلت و خراب ہونے کی شرح میں اضافہ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 جولائی ۔2026 ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی قلت اور خراب ہونے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث بجلی کے نظام پر دباﺅ بڑھنے اور مختلف علاقوں میں طویل بندش کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں. رپورٹ کے مطابق خاص طور پر 200 کے وی اے ٹرانسفارمرز کی کمی شدت اختیار کر گئی ہے جبکہ جلنے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کی شرح میں بھی ریکارڈ اضافہ رپورٹ کیا گیاہے اس صورتحال کے باعث کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی بندش معمول بنتی جا رہی ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.

(جاری ہے)

لیسکو کی جانب سے اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں تسلیم کیا گیا ہے کہ ٹرانسفارمرز کے خراب ہونے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے مراسلے میں متعلقہ دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بجلی کے لوڈ کو متوازن (لوڈ بیلنس)کریں تاکہ نظام پر دباﺅ کم کیا جا سکے. مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضرورت کے مطابق ٹرالی ٹرانسفارمرز کو آپریشنل کیا جائے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کو جزوی طور پر بحال رکھا جا سکے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ دنوں میں بجلی کی بندش اور تکنیکی مسائل میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا.

دوسری جانب لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ پورے شہر کی سب ڈویژنوں میں افسران اور اہلکار ٹرانسفارمرچوری کروانے میں ملوث ہیں سردیوں میں نئے اور اچھی حالت کے ٹرانسفارمرزکو چوری کروا کر نجی ہاﺅسنگ سکیموں کو بیچ دیا جاتا ہے جبکہ لوکل میکنکوں سے مرمت شدہ ٹرانسفارمرنہ صرف جلد خراب ہوجاتے ہیں بلکہ ناقص میٹریل استعمال کرنے کی وجہ سے وہ بجلی بھی زیادہ ضائع کرتے ہیں .

ذرائع نے بتایا کہ ٹرالیوں پر موجود ٹرانسفارمرزتک کو بیچا گیا ہے اور یہ معاملات لیسکو کے اعلی حکام کے علم میں ہیں تاہم کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی جاتی اس کا جواب لیسکو کے اعلی حکام ہی دے سکتے ہیں ‘انہوں نے کہاکہ لیسکو کے ایس ڈی اور اورلائن سپرٹینڈنٹ لیول کے افسروں نے ڈیفنس‘عسکری اپارٹمنٹس اوربحریہ ٹاﺅن جیسے مہنگے علاقوں میں گھر بنانے کے علاوہ لاہور میں کمرشل پراپرٹیاں خریدی ہوئی ہیں ‘ایک ایس ڈی او یا لائن سپرٹینڈنٹ کے پاس چند سالوں میں اچانک کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی آجاتی ہے مگر کوئی نوٹس نہیں لیتا.

انہو ں نے بتایا کہ حال ہی میں سبزہ زار کے مارکیٹ ایریا مکہ چوک این بلاک میں ایک ٹرالی سے دس لاکھ روپے سے زیادہ مالیت کانیا ٹرانسفارمر چوری کروایاگیا مارکیٹ کے چوکیددار کے بیان کے مطابق اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف نظرآرہا ہے کہ سید پور سب ڈویژن کی گاڑی‘عملہ اور کرین فجر کے وقت آکر ٹرالی سے ٹرانسفارمراتار کر لے کر گئی ہے تاہم لسیکو سیدپور سب ڈویژن کی جانب سے اسی دن سبزہ زار پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف ٹرانسفارمرچوری کی ایف آئی آر درج کروادی گئی .