فاطمہ جناح کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

مادرِ ملت نے ثابت کیا خواتین بھی سیاست، قربانی اور قیادت کی علامت بن سکتی ہیں، کردار آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے، بیان

جمعرات 9 جولائی 2026 22:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2026ء) رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مادرِ ملت فاطمہ جناح کی 59ویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاطمہ جناح ایک عظیم خاتون تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی قوم کی خدمت، عزت اور اصولوں کیلئے وقف کر دی۔جاری بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ مادرِ ملت پاکستان کی پہلی خاتون تھیں جنہوں نے ثابت کیا کہ خواتین بھی سیاست، قربانی اور قیادت کی علامت بن سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے مشکل ترین دنوں میں فاطمہ جناح نے قائداعظم محمد علی جناح کا ساتھ نہیں چھوڑا اور قوم کو یہ حوصلہ دیا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 1965 میں جب قوم کو ایک مضبوط اور اصول پسند آواز کی ضرورت تھی تو 71 برس کی عمر میں محترمہ فاطمہ جناح آمریت کے خلاف میدان میں اتریں اور یہ پیغام دیا کہ عوام کی طاقت کسی بھی طاقت سے کم نہیں ہوتی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ فاطمہ جناح جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کی علامت بن گئیں۔ انہوں نے قوم کو یہ سبق دیا کہ اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا، جبکہ خواتین کو تعلیم، خود انحصاری اور سیاسی شعور کا درس بھی دیا۔ ان کے بقول مادرِ ملت سادگی، وقار اور بے لوث خدمت کی بہترین مثال تھیں اور آج بھی ان کی شخصیت پوری قوم کیلئے رہنمائی کا مینار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ محترمہ فاطمہ جناح کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے بھی عوامی حکمرانی، جمہوریت اور خواتین کی بااختیاری کے لیے آواز بلند کی۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس 59ویں برسی پر مادرِ ملت فاطمہ جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں ،ان کا کردار ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔