سرکاری زرعی فارمز کو آرگینک زراعت کے تجربات کا مرکز بنایا جائے‘نجم مزاری

ہفتہ 11 جولائی 2026 17:44

سرکاری زرعی فارمز کو آرگینک زراعت کے تجربات کا مرکز بنایا جائے‘نجم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2026ء) آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری تجرباتی زرعی فارمز کو آرگینک زراعت کے عملی تجربات کے لیے مختص کیا جائے،ان زرعی فارمز پر جدید آرگینک کاشتکاری کے طریقوں، قدرتی کھادوں اور ماحول دوست زرعی ٹیکنالوجی پر تحقیق کی جائے تاکہ کسانوں کو قابل عمل ماڈل فراہم کیے جا سکیں۔

اپنے بیان میں نجم مزاری نے کہاکہ آرگینک زراعت نہ صرف زرعی پیداوار کے معیار کو بہتر بنائے گی بلکہ ماحول اور انسانی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے تجویز دی کہ سرکاری بیج فراہم کرنے والے اداروںکو ذمہ داری سونپی جائے کہ وہ کسانوں کو آرگینک بیج کی فراہمی کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کریں۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے تحت منتخب اضلاع میں معیاری آرگینک بیج فراہم کیے جائیں اور کسانوں کو تکنیکی رہنمائی بھی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے آرگینک زراعت کے فروغ، زرعی برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈی میں پاکستان کی مسابقت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ نجم مزاری نے حکومت سے اپیل کی کہ آرگینک زرعی شعبے کی ترقی کے لیے مربوط پالیسی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔آرگینک زراعت کے فروغ سے کیمیائی کھادوں اور زہریلی ادویات پر انحصار کم ہوگا جس سے زمین کی زرخیزی برقرار رکھنے اور محفوظ خوراک کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ نجم مزاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحقیق، حکومتی تعاون اور کسانوں کی شمولیت سے پاکستان کو آرگینک زراعت کے شعبے میں ایک نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے۔