آٹے کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، حکومت فیصلہ واپس لے، ایازموتی والا

ہفتہ 11 جولائی 2026 20:24

آٹے کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، حکومت فیصلہ واپس لے، ایازموتی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2026ء) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں پر ایک اور معاشی وار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریگولر آٹے کی ہول سیل قیمت 110 روپے سے بڑھا کر 122 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 113 روپے سے بڑھا کر 125 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح فائن آٹے کی ہول سیل قیمت 118 روپے سے بڑھا کر 132 روپے فی کلو جبکہ ریٹیل قیمت 121 روپے سے بڑھا کر 135 روپے فی کلو کر دی گئی ہے۔ البتہ چکی کے آٹے کی ریٹیل قیمت 145 روپے فی کلو برقرار رکھی گئی ہے۔ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں ریلیف فراہم کرے۔

(جاری ہے)

آج عام شہری پہلے ہی پانی، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے، ایسے میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس شہر کے شہریوں کو بنیادی حقوق تک میسر نہیں۔ حکومت فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام سے زندگی کی بنیادی ضروریات نہ چھینی جائیں، کیونکہ مسلسل بڑھتی مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے شہریوں کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔