Live Updates

مشرق وسطیٰ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش پر یو این چیف کو تشویش

یو این جمعرات 16 جولائی 2026 20:15

مشرق وسطیٰ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش پر یو این چیف کو تشویش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 16 جولائی 2026ء) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے مشرق وسطیٰ میں جاری عسکری کشیدگی اور آبنائے ہرمز دوبارہ بند ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تمام فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے اقدامات اٹھائیں اور مذاکرات و سفارت کاری کا راستہ دوبارہ اختیار کریں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگر دوبارہ بڑے پیمانے پر جنگ چھڑ گئی تو اس کی قیمت خطے کے شہریوں کو ناقابل برداشت نقصان کی صورت میں چکانا پڑے گی جبکہ اس کے بین الاقوامی امن و سلامتی اور عالمی معیشت پر بھی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

سیکرٹری جنرل نے آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف میں بین الاقوامی جہازرانی کے حقوق اور آزادیوں کی مکمل بحالی کا مطالبہ بھی دہرایا ہے۔

(جاری ہے)

یہ آبی گزرگاہ دنیا بھر میں تیل اور قدرتی گیس کی برآمدات کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام فریق جہازرانی کے حقوق اور آزادیوں کا مکمل احترام یقینی بنائیں۔

عارضی جنگ بندی پر سوالیہ نشان

سیکرٹری جنرل کی تشویش امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے معاملے میں جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

اس کشیدگی نے اس عارضی جنگ بندی کو بھی ختم کر دیا ہے جو جون میں دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشت کے تحت قائم ہوئی تھی۔

اس معاہدے کا مقصد ان جھڑپوں کا خاتمہ تھا جو فروری کے آخر میں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور اس کے جواب میں ایران کی جانب سے خلیجی خطے میں کی جانے والی جوابی کارروائیوں کے بعد شروع ہوئی تھیں۔

Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات