علامہ محمداکرم سعیدی کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں،ڈاکٹر حاجی حنیف طیب

ہفتہ 18 جولائی 2026 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) نظامِ مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے جماعت اہل سنت پاکستان کے ممتاز رہنمامعروف عالم دین و خطیب علامہ مولانا محمد اکرم سعیدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے کہاکہ مولانا محمد اکرم سعیدی ملتان میں موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اچانک بلڈ پریشر ہائی ہونے کے باعث بے ہوش کر گر پڑے انہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

مولانااکرم سعیدی نے گلشن حدید کی جامع مسجد دیارحبیب میں طویل عرصہ تک امامت اور خطابت کے فرائض انتہائی اخلاص کے ساتھ سرانجام دیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا اکرم سعیدی، غزالی دوراں رازی زماں حضرت علامہ سید احمد سعید کاظمی شاہ صاحب کے مرید تھے۔ وہ ایک جید عالم دین، بہترین خطیب اور اعلیٰ اوصاف کے مالک انسان تھے۔وہ اپنے جرأت مندانہ اوراصلاحی بیانات بالخصوص گھریلو،خاندانی اورمعاشرتی مسائل پرخطابات کی وجہ سے عوام وخواص میں یکسا ں مقبول تھے ان کی اسی مقبولیت اورگلشن حدید کے لوگوں کی شدید محبت واصرارکی وجہ سے انہیں جامع مسجد دیارِ حبیب (گلشن حدید )کے احاطے میں ہی سپردخاک کیاگیا۔

ڈاکٹر حنیف طیب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارخاندان کو صبر جمیل دے۔