کراچی میں انٹیلیجنس بیسڈ گرینڈ آپریشن، گینگ وار کے 2 خطرناک شوٹر گرفتار، بھاری اسلحہ و منشیات برآمد

بدھ 22 جولائی 2026 16:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں پاک کالونی پولیس اور ایک وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے بدنام زمانہ ریاست جدگال گینگ کے دو مبینہ خطرناک شوٹرز کو گرفتار کر لیا، جبکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ ان کے چار ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گرفتار ملزمان کی شناخت زبیر عرف دادا اور جمشید عرف سندھی کے نام سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 5 پستول، ایک ایم پی فائیو، ایک منی کلاشنکوف، 6 میگزین، 186 گولیاں اور تقریباً 1300 گرام (ڈیڑھ کلو سے کم) چرس برآمد کر لی۔ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق ملزم زبیر عرف دادا ریاست جدگال گینگ کا سرگرم مسلح شوٹر ہے اور اس کے خلاف ٹارگٹ کلنگ، اقدام قتل، منشیات فروشی، زمینوں اور گھروں پر قبضہ، فائرنگ اور املاک کو آگ لگانے سمیت متعدد سنگین مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم ماضی میں کالعدم بی ایل اے کے کمانڈر امین عرف بادشاہ سے بھی منسلک رہا، جبکہ وہ اکبر عرف لنگڑا، ساجد ڈکیت اور علی دادا گروپ کے ساتھ بھی سرگرم رہا ہے۔پولیس کے مطابق دوسرا گرفتار ملزم جمشید عرف سندھی بھی حاجی ریاست گینگ کا قریبی ساتھی اور شوٹر ہے۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پہلے منشیات فروشی میں ملوث رہا، بعد ازاں کباڑ کے کاروبار کی آڑ میں سرگرم رہا اور مبینہ طور پر "فش گیم" کے نام سے جوئے کا غیر قانونی کاروبار بھی چلاتا تھا۔

پولیس حکام نے کہا کہ گرفتار اور فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی، اسلحہ، منشیات اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور جرائم کے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات کی بھی توقع ہے۔